پاکستان اور بھارت تعاون بڑھاکر تجارتی انقلاب برپا کرسکتے ہیں اروند مہتا

سیاحت کو بھی فروغ دینا ہوگا، بھارتی جوائنٹ سیکریٹری صنعت، نئی دہلی میں تقریب سے ایس ایم منیر کا بھی خطاب


عامر فاروق September 13, 2014
’عالیشان پاکستان‘ کے دوسرے روز عوام کا ہجوم، خواتین کی ملبوسات میں دلچسپی، توقع سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے، ایگزیبیٹر فوٹو: فائل

بھارتی جوائنٹ سیکریٹری صنعت و تجارت اروند مہتا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کاروباری شعبوں میں تعاون بڑھاکر تجارتی انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) میں اسپیشل سیشن انڈیا پاکستان اور مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پردونوں ممالک کی فیڈریشن آف چیمبرز کے سربراہان، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر، پاکستانی ہائی کمیشن کے ٹریڈ منسٹر اور دیگر ممتاز کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ اروند مہتا نے کہا کہ عالیشان پاکستان لائف اسٹائل نمائش اہم پیشرفت ہے، بات چیت کے ذریعے ہم بہت سے مسائل کے حل کی طرف جاسکتے ہیں، ہمیں ایسا روڈ میپ تیار کرنا ہوگا جو اس حوالے سے ہماری مدد کرسکے۔

انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں کا شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری میں کاروبار کے ذریعے مدد دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھر موجود ہیں تو ہمارے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے، اسی طرح بہت سے شعبے ایسے ہیں جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کا خام مال استعمال کرکے زیادہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں، ہمیں صرف تجارت نہیں بلکہ سیاحت کو بھی فروغ دینا ہوگا، پاکستان لیدر اور اسپورٹس گڈز میں آگے ہے، ہم اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان میں بجلی کے بحران کے حوالے سے بھی مدد ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی سفر مہنگا پڑتا ہے اور براہ راست روٹس بھی نہیں ہیں، اپنی ٹرانسپورٹ پر سرحد پار کرنے کی اجازت ہو اور ریلوے کا نظام ہو تو کاروباری لاگت میں بے پناہ کمی کی جاسکتی ہے، انٹرنل کنٹینر ڈپو بناکر کنٹینر کی منتقلی کی مشکلات ختم کرنے کے ساتھ اخراجات کو بھی کم کرنا ممکن ہوگا، بھارت نے پاکستان کو پسندیدہ ملک قرار دیا ہے اور تجارتی مشکلات میں بھی کمی کی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان 2 بینکوں کی شاخیں کھولنے کیلیے اجازت کا منتظر ہے اور امید ہے کہ جلد دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل قائم ہوجائے گا، دونوں ممالک کی بیشتر چیزیں مشترک ہیں، بس مشکلات دور کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد پاکستان اور بھارت کاروباری دنیا میں انقلاب لاسکتے ہیں۔

دوسری جانب پراگتی میدان میں 'عالیشان پاکستان' لائف اسٹائل نمائش کے دوسرے روز عوام کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا خصوصاً خواتین نے پاکستانی ملبوسات میں خصوصی دلچسپی لی۔ پاکستانی نمائش کنندہ کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع سے زیادہ پزیرائی مل رہی ہے اور مختلف تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات میں کاروباری تعلقات بڑھنے کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں