پاکستان میں جمہوریت کے ’’میرجعفر‘‘ سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری ہیں عمران خان

ہمیں کسی دہشت گردسے نہیں نوازشریف کی دہشت گردی سے خطرہ ہے اور وہ اپنی ہی فوج کو بدنام کررہے ہیں ، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 12, 2014
نوازشریف کی جمہوریت سے بہتر پرویز مشرف کی آمریت تھی، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو:ایکسپریس نیوز

LOS ANGELES: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے فوج کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ میرے ساتھ عوام کی فوج کھڑی ہے جبکہ نوازشریف خود آمریت کی پیداوار ہیں اور اب وہ اپنی ہی فوج کو بدنام کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کی دھاندلی میں افتخار چوہدری ملوث تھے اور ان کا اس میں سب سے بڑا ہاتھ ہے وہ پاکستان میں جمہوریت کے میر جعفر ہیں جبکہ پرویز مشرف نے افتخار چوہدری کو ہٹایا تو ہم عدلیہ کی آزادی کے لیے باہر نکلے، اپنی جماعت کو عدلیہ کی آزادی کے لیے کھڑا کرنے اور آزاد عدلیہ کے لیے جیل کاٹنے پر بھی فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چیف جسٹس سے دھاندلی پر از خود نوٹس لینے کا کہا تو انہوں نے نظریں نیچے کرلیں لیکن چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ قوم کو انصاف دیں اگر عدلیہ ہمیں انصاف نہیں دے گی تو کون دے گا جس ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہو تو ملک بھی آزاد نہیں ہوسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ قوم نے آزاد عدلیہ کے لئے جدوجہد کی ہے، چیف جسٹس مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اگر وہ عوام کی مدد نہیں کریں گے تو جس طرح کا ظلم اور ناانصافی ملک میں ہورہی ہے تو عوام کے ہاتھ حکمرانوں کی گریبانوں پر جائیں گے اور یہ بندوق اٹھا کر اپنے حقوق کے لیے لڑیں گے،عدلیہ پر اعتماد تھا لیکن انصاف نہ ملنے پر مایوسی ہوئی جس کے باعث پاکستان کی عدلیہ سے بہت تکلیف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو کس قانون کے تحت جیل میں ڈالا جارہا ہے ہم انصاف کے لیے نکلتے ہیں تو ریاست ہم پر دہشت گردی کرتی ہے اب چیف جسٹس بتائیں کہ قوم انصاف ڈھونڈنے کے لیے کہاں جائیں جبکہ جس طرح کا پر امن احتجاج ہم نے کیا دنیا بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود ہم پر ظلم کیا گیا، اگر پر امن انقلاب کا راستہ روکا گیا تو پھر خونی انقلاب کا راستہ کھل جائے گا،عوام پر جس طرح اس جمہوریت میں گولیاں چلائی گئیں اس طرح تو پرویز مشرف نے بھی عوام پر گولیاں نہیں چلائیں اگر یہ جمہوریت ہے تو نوازشریف کی جمہوریت سے بہتر پرویز مشرف کی آمریت تھی۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈرایا جارہا ہےکہ دھرنے پر خود کش حملہ ہونے والا ہے، حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ جتنے حملہ آور بھیجنا ہیں بھیج دیں جب موت آنی ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا جبکہ ہمیں کسی دہشت گردسے نہیں نوازشریف کی دہشت گردی سے خطرہ ہے، نوازشریف آمریت کی پیداوار ہیں وہ اپنی فوج کو بدنام کررہے ہیں اگر ہم یہ سب فوج کی وجہ سے کرتے تو عوام 31 روز تک اس طرح کیسے سڑکوں پر آسکتی تھی لیکن مجھے فوج کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ میرے ساتھ عوام کی فوج کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک بڑے مگر مچھوں کی دکانداری ختم کرنے ، پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے اور حقیقی جمہوریت کے لئے ہے کیونکہ حقیقی جمہوریت ہی عوام کے مستقبل کو بچا سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں