ڈیوس کپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز اعصام کو شکست

ثمرافتخار بھی ناکام، دونوں ابتدائی سنگلز جیت کر تھائی لینڈ کو ٹائی میں 2-0 کی برتری حاصل، ورلڈ گروپ سیمی فائنلز کے۔۔۔

ثمر افتخار بھی ناکام، دونوں ابتدائی سنگلز جیت کر تھائی لینڈ کو ٹائی میں 2-0 کی برتری حاصل، ورلڈ گروپ سیمی فائنلز کے سنگلزمیں سوئٹزرلینڈ کامیاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو فائنل میں تھائی لینڈ کیخلاف پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، گرینڈ سلم فائنلسٹ اعصام الحق کو غیرمعروف میزبان پلیئر پروسارا اچویا نے شکست دے دی۔

ثمر افتخار بھی ناکام رہے، تھائی لینڈ نے دونوں ابتدائی سنگلز جیت کر ٹائی میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی، پاکستانی ٹیم کو مقابلے میں واپسی کیلیے اب باقی تمام تینوں میچزمیں فتح سے کچھ کم درکار نہیں ہوگا، ہفتے کو ڈبلز میں اعصام اور عقیل کی جوڑی کورٹ میں اترے گی جبکہ اتوار کو ٹائی کے اختتامی دن ریورس سنگلز شیڈول ہیں، ورلڈ گروپ سیمی فائنلز میں میزبان سوئٹزرلینڈ نے اٹلی کیخلاف دونوں ابتدائی سنگلز میں کامیابی سمیٹ لی، فیڈرر اور اسٹینسلس واورنیکا میدان سے فاتح بن کر لوٹے، جمہوریہ چیک کیخلاف فرانس کو بھی 2-0 سے برتری مل گئی، جوئے ولفریڈ سونگا اور رچرڈ گیسکوئٹ نے ٹیم کو برتری دلادی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹینس ٹیم گروپ ون میں شرکت کے قریب موجود تھی لیکن تھائی لینڈ کیخلاف ابتدائی دونوں سنگلز میں ناکامی کے بعد آگے بڑھنے کے راستے مشکل ہوگئے ہیں، ابتدائی سنگلز میں حیران کن طور پر پاکستان کے انٹرنیشنل تجربہ رکھنے والے اسٹار اعصام الحق کو میزبان پروسارا اچویا نے شکست دے دی، اعصام نے اگرچہ پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا لیکن میزبان پلیئر نے دوسرا سیٹ اسی مارجن سے جیت کر حساب چکتا کردیا، تیسرے سیٹ میں اعصام، اچویا کے سامنے غیرموثر دکھائی دیے اور انھوں نے یہ سیٹ 6-3 سے جیتا، چوتھے سیٹ میں اعصام الحق محض 2 گیمز ہی اپنے نام کرپائے۔


تھائی پلیئر اچویا نے یہ سیٹ 6-2 سے جیت کر اپنی ٹیم کے گروپ ون میں پہنچنے کا امکان روشن کرلیا، دوسرے سنگلز میں ثمر افتخار کو تھائی حریف ڈانائی اوڈمچوک نے 6-0، 6-4 اور6-1 سے زیرکرلیا، اگرچہ تھائی لینڈ کیخلاف ڈیوس کپ مقابلوں میں پاکستان کو 7-4 سے برتری حاصل ہے لیکن اب اسے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کیلیے سخت چیلنج درپیش ہوگا، پاکستان نے پہلے رائونڈ میں ویتنام اور دوسرے میں فلپائن کو شکست دی تھی۔

ورلڈ گروپ سیمی فائنل ٹائی میں جمہوریہ چیک کیخلاف میزبان فرانس نے ابتدائی دونوں سنگلز جیت لیے، جوئے ولفریڈ سونگا اور رچرڈ گیسکوئٹ ابتدائی آزمائشوں میں سرخرو رہے، گیسکوئٹ نے ٹوماس بریڈیچ کو 6-3، 6-2 اور6-3 سے زیر کیا، لوکاس روسول کیخلاف دراز قامت سونگا نے 6-2 ، 6-2 اور6-3 سے کامیابی کو اپنا مقدر بنایا۔جنیوا میں جاری دوسرے سیمی فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے بھی مہمان اٹلی پر 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

ابتدائی سنگلز میں سوئس اسٹار راجرفیڈرر نے اطالوی حریف سیمون بولیلی کو 7-6 (7/5)، 6-4 اور 6-4 سے شکست دی،دوسرے سنگلز میں آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے مہمان پلیئر فابیو فوگنین کو 6-2، 6-3 اور6-2 سے مات دے دی۔ورلڈ گروپ پلے آف مقابلوں میں آسٹریلیا نے ازبکستان پر 2-0 سے برتری لے لی، نک کریگوئس نے مہمان پلیئر ڈینس استومن پر 6-4، 7-5 اور 6-4 سے غلبہ حاصل کیا، تجربہ کار لیٹن ہیوٹ نے فرخ دستوف کو 6-4، 6-4 اور6-2 سے مات دے دی۔
Load Next Story