چیمپئنز لیگ لاہور لائنز آج ممبئی انڈینز پر جھپٹنے کیلیے بے تاب

کیوی سائیڈ ناردرن ڈسٹرکٹس اور سری لنکن ٹیم سدرن ایکسپریس کا بھی مقابلہ

رائے پور، بھارت: چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 سے قبل لاہور لائنز کے احمد شہزاد کی پریکٹس، دوسری تصویر میں عمر اکمل بیٹنگ سے قبل پیڈز باندھ رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا کوالیفائنگ مرحلہ ہفتے کو شروع ہوگا۔

لاہور لائنز کی ٹیم پہلے میچ میں ممبئی انڈینز پر جھپٹنے کیلیے بے تاب ہے، قبل ازیں افتتاحی میچ دوپہر ساڑھے تین بجے کیوی سائیڈ ناردرن ڈسٹرکٹس اور سری لنکن ٹیم سدرن ایکسپریس کے درمیان کھیلا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں شامل چاروں ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر تین، تین میچز میں مدمقابل ہوں گی، 2 ٹاپ سائیڈز مین راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرنے کی اہل بنیں گی، 4 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 29 میچز ہوں گے۔

پاکستان سے کسی ٹیم کو تیسری مرتبہ ایونٹ میں مدعو کیاگیا ہے، گذشتہ برس فیصل آباد وولفز اور اس سے قبل 2012 میں سیالکوٹ اسٹالینز نے قسمت آزمائی لیکن دونوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے تک محدود رہی تھیں، لائنز کی قیادت سابق پاکستانی ٹی 20 قائد محمد حفیظ کے سپرد ہے، وہ مین راؤنڈ میں جگہ بنانے کیلیے خاصے پُراعتماد ہیں۔


انھیں انٹرنیشنل کرکٹرز احمد شہزاد اور عمراکمل جیسے اسٹارزکا ساتھ بھی حاصل ہے، روہت شرما کے انجرڈ ہونے کے بعد ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کیرون پولارڈ بھارتی فرنچائز ممبئی انڈینز کی قیادت سنبھالیں گے، ٹیم کو کوالیفائر میں ٹاپ فیورٹ کی حیثیت حاصل ہے۔

تجربہ کار پیسر مالنگا، لینڈل سیمنز اور کورے اینڈرسن بھی اس کا حصہ ہیں،ہربھجن سنگھ اور امباتی رائیڈو صلاحیتوں کے اظہار کیلیے بے چین ہوں گے، مین راؤنڈ کا آغاز 17 ستمبر کو فیورٹ چنئی سپرکنگز اور موجودہ آئی پی ایل چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ سے ہوگا، پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک مین راؤنڈ میں ویسٹ انڈین سائیڈ بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی نمائندگی کریں گے، یاسر عرفات کو پرتھ اسکورچرز کی شرٹ زیب تن کرنی ہے۔

آئی پی ایل چیمپئن کولکتہ کا انحصار اس مرتبہ روبن اوتھاپا اور ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن پر ہوگا،کپتان گوتم گمبھیر ، یوسف پٹھان اور منیش پانڈے بھی بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کیلیے موجود ہیں، بولنگ میں امیش یادیو، پیٹ کمنز اور رنگاناتھ ونے کمار ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، کیپ کوبراز کیلیے ہاشم آملا، جسٹن اونٹونگ، ورنون فیلنڈر اور جین پال ڈومنی بھی جلوہ گر ہوں گے۔
Load Next Story