بھارت میں لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے میچ میں ممبئی انڈینز کو شکست دیدی

ممبئی انڈینز کی جانب سے 136 رنز کا ہدف لاہور لائنز نے 18 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔


ویب ڈیسک September 13, 2014
لاہور لائنز کی فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا، کپتان محمد حفیظ فوٹو؛ کرک بز

چیمئنز لیگ کے میچ میں لاہور لائنز نے بھارتی ٹیم ممبئی انڈینز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں کھیلی جانے والی چیمپئنز لیگ کے کوالیفائینگ راؤنڈ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کی ٹیم لاہور لائنز کو 136 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں لاہور لائنز نے مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔

میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر عمراکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، اکمل نے 18 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ احمد شہزاد نے 34، ناصر جمشید نے 26، کپتان محمد حفیظ نے 18 اور سعد نسیم نے 6 رنز اسکور کئے جب کہ آصف رضا 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بولنگ کے دوران اعزاز چیمہ اور وہاب ریاض نے 2، 2 جب کہ آصف رضا اور عمران علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کھیلتے ہوئے ممبئی انڈینز نے 135 رنز بنائے جس میں کپتان کیرون پولارڈ 6 رنز بنا کر عمران علی کا شکار بنے جب کہ ادتیا تارے 36 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عدنان رسول کو کیچ دے بیٹھے۔ اسی طرح مائیکل ہسی بھی 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ہربھجن سنگھ 18 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر رن آؤٹ اور لینڈل سمنز 7 رنز بنا کر اعزاز چیمہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ممبئی انڈینز کو شکست دینے کے بعد لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ نے بہترین بولنگ جب کہ عمراکمل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں ممبئی انڈینز بھارتی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا ایک بہت بڑا نام ہے لیکن لاہور لائنز کی فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں