وزیراعظم نوازشریف استعفیٰ دیں یا نہ دیں وہ فارغ ہوجائیں گے مخدوم جاویدہاشمی

اگر مارشل لا لگا تو نہ صرف ملک ٹوٹ جائے گا بلکہ اس کے لگنے سے بہت بڑی بغاوت ہو گی،صدرتحریک انصاف جاویدہاشمی


ویب ڈیسک September 14, 2014
عمران خان نے کہا تھا کہ سب طے ہےسپریم کورٹ 3 ماہ میں الیکشن کااعلان کردے گی، جاوید ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف استعفیٰ دیں یا نہ دیں وہ فارغ ہوجائیں گے اور اگر مارشل لا لگا تو نہ صرف ملک ٹوٹ جائے گا بلکہ اس کے لگنے سے بہت بڑی بغاوت ہو گی۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کا کوئی انجام نہیں ہو گا اورعمران خان کس طرح دھرنے سے واپس آئیں، ظالموں نے ان کی واپسی کا کوئی راستہ ہی نہیں چھوڑا،عمران خان کی جانب سے شوکاز نوٹس کاانتظارکررہاہوں اور جب یہ نوٹس مجھے مل جائے گا تو اس کا من وعن جواب دے دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشیدنے احمد کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کااعلان ہوگا اور اس کے سربراہ چیف جسٹس ہوں گےجب کہ فوج کی جتنی توہین شیخ رشید نےکی ہے شاید کسی اور نےآج تک نہیں کی ہو۔

دھرنوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں اسےاسکرپٹ نہیں کہتا، فوج اورآئی ایس آئی کوپتابھی نہیں ہوگا لیکن موجودہ صورتحال میں صرف ریٹارئرڈ جرنیل جلدی میں ہیں اور سابق ڈی جی آئی سی آئی حمیدگل نے 10 روز پہلےمجھ سے کہا تھا کہ آج کی رات آخری ہے، اعجازشاہ نےکہاتھاکہ نوازشریف استعفانہیں دیں گے جب کہ میں نےکہا تھا کہ مارشل لا آجائےگا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ شاہراہ دستور سے آگے جانے کے حوالے سے کور کمیٹی کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی تھی، عمران خان اورتحریک انصاف کے رہنماؤں کی غلط بیانی پر بہت دکھ ہے، عمران خان سمیت تحریک انصاف کی پوری قیادت میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرے تو ان کے سوالوں کا جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کیااشاروں کے فیصلے نہیں تھے، عمران خان نے کہا تھا کہ سب طے ہےسپریم کورٹ 3 ماہ میں الیکشن کااعلان کردے گی،عمران خان میز کے ایک کونے پر ایک اور دوسرے کونے پر دوسرا فیصلہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ دھرنے کے حوالے سے اختلافات پر جاوید ہاشمی نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پرسنگین قسم کے الزامات لگائے جس کے بعد عمران خان نے بھی ان سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا جب کہ 2 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں