نوازشریف کا استعفیٰ لینے کے بعد سونامی کراچی بھی جائے گا عمران خان

شریف برادران کا وقت ختم ہوگیا اور وزیراعظم نواز شریف کی کرسی نہیں بچے گی، چیرمین تحریک انصاف

جمہوریت کا لبادہ اوڑھنے والے بھیڑیوں کا آخری وقت تک مقابلہ کروں گا، چیرمین تحریک انصاف،عمران خان فوٹو؛ ایکسپریس نیوز/فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھنے والے بھیڑیوں کا آخری وقت تک مقابلہ کروں گا جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی کرسی نہیں بچے گی۔


اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا وزیراعظم نواز شریف کی ذات کے خلاف نہیں بلکہ ان کی ذہنیت کے خلاف ہے، شریف برادران کا وقت ختم ہوگیا اور وزیراعظم نواز شریف کی کرسی نہیں بچے گی، جمہوریت کے علمبردار کہتے ہیں کہ دوبارہ انتخابات سے جمہوریت ڈی ریل ہوجائے گی انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ شفاف انتخابات سے جمہوریت ڈی ریل نہیں بلکہ مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتاکہ ملک میں غربت ہو اورحکمران محلوں میں رہیں،پشاورکے گور نرہاؤس میں خواتین پارک بنائیں گے جبکہ کراچی کےگورنرہاؤس پربھی نظرہے اور وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کے بعد سونامی کراچی کا رخ کرے گا۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ظالموں سے ڈرنے والے نہیں اور ظلم کے نظام کے خلاف اعلان بغاوت کرتے ہیں، مظلوم طبقے کے ساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے جہاں ملک کا سربراہ عوام کو جواب دہ ہوگا اور اپنا ذریعہ معاش اور بینک بیلنس سے متعلق عوام کو سب کچھ سچ بتائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس افسران کے نام ویب سائٹ پر ڈالے جائیں گے جبکہ آئی جی اسلام آباد طاہرعالم اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو جیل میں ڈالیں گے۔



عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے ایک دن کا خرچہ 21 لاکھ روپے ہے جبکہ راوئیونڈ کی سیکیورٹی کے لئے سالانہ 40 کروڑ روپے خرچ کئے جاتے ہیں جبکہ ملک کی آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، ملک میں اس وقت 44 فیصد آبادی معیاری کھانا نہ ملنے کی وجہ سے ان کے قد چھوٹے رہ گئے، بھارت، بنگلا دیش اور دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں دوران زچگی سب سے زیادہ شرح اموات ہے جبکہ تعلیمی حالت یہ ہے کہ 55 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے۔


 
Load Next Story