بالی ووڈ سے شہرت پانے والی وہ حسینائیں جو کیریئر کے عروج پر گمنام ہوگئیں

مندا کنی کو داؤد ابراہیم سے دوستی لے ڈوبی، میناکشی کی ’’گھاتک‘‘ آخری فلم، بھاگیہ شری’’میں نے پیار کیا‘‘ہٹ فلم دے پائی


Net News September 15, 2014
صومی علی سلمان خان سے رشتہ ختم ہونے کے بعد باہر چلی گئیں، فلم ’’عاشقی‘‘ کی اسٹار انو اگروال حادثے میں مفلوج ہوگئی، فرح کو شادی لے ڈوبی۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ خوابوں کا ایک نگر ہے جہاں ہر جمعے کو لوگوں کی قسمت کا فیصلہ ہوتا ہے، ایسی ہی چند گمشدہ حسیناؤں کے بارے میں جانتے ہیں جنھوں نے باکس آفس پر بے مثال کامیابی کا مزہ چکھا لیکن جلد ہی کہیں گم ہو کر رہ گئیں۔

بالی ووڈ کی ممتاز اداکارہ ممتا کلکرنی کم عمری میں ہی بالی ووڈ کا حصہ بن گئی تھیں اور سیف علی خان کے مدمقابل فلم''عاشق آوارہ'' سے بہترین آغاز کیا، 90ء کی دہائی میں ممتا چند کامیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک سمجھی جاتی تھیں جنھوں نے عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کیا تاہم پھر وہ کہیں غائب ہوگئیں اور ان کے بارے میں آخری خبر ایک انڈر ورلڈ ڈان سے تعلق کی سامنے آئی۔

نیلی آنکھوں والی حسینہ منداکنی نے''رام تیری گنگا میلی'' کے ساتھ بالی ووڈ میں ہنگامہ خیز انٹری دی اور صف اوّل کی ہیروئین قرار پائیں مگر وہ اپنی افتتاحی فلم جیسی کامیابی دوبارہ حاصل کرنے میں ناکام رہی، اس کے بعد انڈر ورلڈ ڈان دائود ابراہیم کے ساتھ تعلق نے ان کا ہندی سینما میں کریئر تاریک کر دیا۔ اداکار میناکشی شیشادری نے 17 سال کی عمر میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا اور پھر سبھاش گھئی کی فلم''ہیرو'' سے بے پناہ شہرت سمیٹی، ''گھاتک'' ان کی آخری فلم ثابت ہوئی اور پھر یہ بھی کسی تاریک کونے میں جاچھپیں۔



عائشہ جھلکا، جنھوں نے فلم ''جو جیتا وہی سکندر'' میں عامر خان اور فلم''کھلاڑی'' میں کشے کمار کے مدّمقابل کام کیا، تاہم سمیر وسائی سے شادی کے بعد انھوں نے فلمی صنعت کو خیرباد کہہ دیا۔ اپنے زمانے کی پرکشش ترین سمجھی جانے والی کمی کاٹکر 80ء اور 90 ء کی دہائی میں بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ جانیجاتی تھیں، انھوں نے اس وقت کے چند بڑے اسٹارز کے مقابل کردار ادا کیے، جن میں میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں، تاہم کمی نے فلمساز اور فوٹو گرافر شانتو شیروئے سے شادی کے بعد فلمی صنعت سے علیحدگی اختیار کرلی۔

انواگروال فلم''عاشقی'' کی کامیابی کے بعد راتوں رات اسٹار بن گئی تھیں مگر یکے بعد دیگرے فلاپ فلموں نے انھیں زوال کا شکار کر دیا اور پھر 1999ء میں ایک خوفناک حادثے کے بعد وہ مفلوج ہو کر رہ گئیں۔ بھاگیہ شری نے سلمان خان کے ساتھ فلم''میں نے پیار کیا'' سے بالی ووڈ میں بہترین آغاز کیا مگر پھر جلد ہی ان کی شہرت کا آفتاب فلاپ فلموں کے باعث غروب ہو گیا۔ اداکار فرح نے80ء اور 90ء کی دہائی میں بالی ووڈ پر راج کیا اور ہندی سینما کے تمام اہم اداکاروں کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کیے، فرح نے دارا سنگھ کے بیٹے وندو دارا سنگھ کے ساتھ شادی کی، مگر پھر دونوں الگ بھی ہوگئے۔

اداکار سونم فلم''تری دیو'' سے بولی وڈ میں دھماکہ خیز انداز میں داخل ہوگئیں،مگر جلد ہی انڈر ورلڈ کی دھمکیوں کے بعد انھوں نے بولی وڈ فلمساز راجیو رائے سے شادی کی اور بیرون ملک چلی گئیں۔ سابق مس انڈیا سونو والیہ نے ''خون بھری مانگ'' میں اپنے بے باک کردار سے شہرت سمیٹی مگر پھر فلاپ فلموں کی قطار ان کے کریئر کو لے ڈوبی۔ اداکار صومی علی سلمان خان کی پہلی گرل فرینڈ کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں، نوے کی دہائی کے دوران صومی نے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، مگر سلمان خان سے رشتہ ختم ہونے کے بعد وہ ہندوستان سے باہر چلی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں