السٹرل کک کی ون ڈے کپتانی پر خطرے کی تلوار لٹکنے لگی

تجربہ کار انگلش اوپنر کی قسمت کا فیصلہ 23ستمبر کو متوقع، سلیکشن پینل کی رائے منقسم

تجربہ کار انگلش اوپنر کی قسمت کا فیصلہ 23ستمبر کو متوقع، سلیکشن پینل کی رائے منقسم فوٹو؛فائل

انگلینڈ کے الیسٹرکک کی ون ڈے کپتانی پر تلوار لٹکنے لگی، قسمت کا فیصلہ23 ستمبر کو متوقع ہے، سلیکشن پینل ان کے مستقبل کے حوالے سے تقسیم ہوگیا، کوچ پیٹر مورس بدستور زیر عتاب قائد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، اختلاف کی صورت میں انگلش بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر پال ڈائوٹن حتمی فیصلہ کریں گے۔


تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کو حال ہی میں ون ڈے سیریز میں بھارت کے ہاتھوں 1-3 سے شکست سے دوچار ہونا پڑا، یہ اس کی 6 ایک روزہ سیریز میں پانچویں شکست تھی، جس کے بعد سے کپتان الیسٹرکک کے خلاف تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ان کو نہ صرف قیادت سے ہٹانے بلکہ ٹیم میں ان کی جگہ بھی کسی اور کو دینے کا مطالبہ شدت پکڑنے لگا ہے جس سے ان کی کپتانی بہت زیادہ خطرے میں پڑچکی ہے تاہم اس معاملے پر سلیکشن پینل میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، کوچ پیٹرمورس کک کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کے حق میں ہیں جبکہ چیئرمین آف سلیکٹرز جیمز وائٹیکر اور دوسرے ممبران کی رائے برعکس ہے، اس وقت پینل مورس، وائٹیکر، انگس فریسر اور مائیک نیویل پر مشتمل ہے.

اس پینل کا اجلاس 23 ستمبر کو ہوگا جس میں سری لنکا کے نومبر دسمبر میں شیڈول ون ڈے ٹور کیلیے اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی میں کک کے بطور کپتان مستقبل کا بھی فیصلہ ہوجائے گا اگر انھیں سری لنکا کے ٹور میں کپتان برقرار رکھا گیا تو پھر وہ ورلڈ کپ میں بھی قیادت کریں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کک کے حوالے سے سلیکٹرز پہلے ہی ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کرچکے مگر کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے تھے، وہ اس معاملے پر اس طرح تقسیم رہتے ہیں تو پھر انگلش بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر پال ڈائوٹن حتمی فیصلہ کریں گے، اگرچہ وہ سلیکٹر نہیں مگر پھر بھی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں بیٹھتے ضرورت ہیں۔
Load Next Story