ہانگ کانگ ویمنز ٹینس ٹرافی پر سبائن لیسکی کا قبضہ

جرمن پلیئر سبائن لیسکی نے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 5-7 اور3-6 سے مات دی۔

ہانگ کانگ ویمنز اوپن ٹینس کی فاتح سبائن لیسکی اور رنر اپ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا ٹرافیاں تھامے مسکرارہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اولین ہانگ کانگ ویمنز ٹینس کی ٹرافی جرمن پلیئر سبائن لیسکی نے جیت لی، انھوں نے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 5-7 اور3-6 سے مات دی۔

گذشتہ برس ومبلڈن کے فائنل میں ماریون بارٹولی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی لیسکی نے ورلڈ ٹاپ 30 سے باہر ہونے پر ہانگ کانگ ایونٹ کیلیے وائلڈ کارڈ انٹری قبول کی تھی، پینگ شوئی اور ایوگینی بوچارڈ کے اختتامی لمحات میں دستبردار ہونے پر انھیں ہانگ کانگ ایونٹ میں شرکت کا موقع ملا تھا جس سے انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائٹل جیت لیا، یہ تقریباً تین برس بعد لیسکی کی پہلی ٹرافی ثابت ہوئی۔


دوسری جانب کروشیا کی مرجینا لوسیک بارونی نے16 برس بعد پہلی مرتبہ کسی ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے کیوبک سٹی ویمنز ٹینس کے سیمی فائنل میں 5 سیڈ جرمن حریف جولیا گوریجس کو 6-4 ،5-7 اور6-2 سے مات دی، 32 سالہ مرجینا نے اس سے قبل 1997 اور1998 میں کروشین اوپن کے فائنلز میں جگہ بنائی تھی، جہاں پر دونوں مرتبہ انھیں امریکی پلیئر کورینا موراریو کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا تھا۔

بارونی نے تین برس کھیل سے دوری اختیار کیے رکھنے کے بعد 2007 میں واپسی اختیار کی تھی، تاہم اب کیریئر کی اولین ٹرافی پانے کے لیے انھیں تجربہ کار امریکی اسٹار وینس ولیمز کا چیلنج درپیش ہوگا، سات مرتبہ کی گرینڈ سلم فاتح وینس نے دوسرے سیمی فائنل میں ہموطن فورتھ سیڈ شیلبی روجرز کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، امریکی پلیئر وینس ولیمز کو کیریئر کی46 ویں ٹرافی کی تلاش ہے جبکہ سیزن میں وہ اس سے قبل ایک ٹائٹل دبئی اوپن کی صورت جیت پائی ہیں۔
Load Next Story