حالیہ بارشیں اور سیلاب آنافاناََ آیا ہے اللہ تعالیٰ کو ایسا منظور تھا وزیر اعظم

سیلاب متاثرین کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں اور حکومت تمام نقصانات کا ازالہ کرے گی،وزیراعظم

سیلابی سے آنے والی تباہی کا جائزہ اور نقصانات کا اندازہ لگاکر متاثرین کی مدد کریں گے،وزیراعظم فوٹو: ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں حالیہ سیلاب آنافاناََ آیا ہے اللہ تعالیٰ کو ایسا منظور تھا لیکن حکومت مصیبت کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ ساتھ ہے۔


مظفرگڑھ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ دنیا میں کوئی شخص اپنا گھر بار انتہائی مجبوری کے بغیر نہیں چھوڑتا، رواں برس سیلاب ملک میں ناگہانی آفت بن کر آیا ہے اس سے کئی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، لاکھوں ایکڑ اراضی پر فصلیں تباہ ہوئیں اور عوام کو دیگر مال مویشی کا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ سیلاب متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ان کے دکھ کو کم کرنے کے لئے حکومت اپنا فرض ضرور ادا کرے گی۔ حکومت حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ متاثرین کی بحالی کے لئے بھرپور معاونت کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ کئی علاقوں میں وقت سے پہلے سیلاب کی اطلاع نہیں ملی ، بارش اور سیلاب اچانک ہی آئے ہیں، اللہ کو ایسا منظور تھا لیکن حکومت مصیبت کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ ساتھ ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ سیلاب سے متاثرہ خاندان ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں اور اپنے اپنے گھروں میں آباد ہوجائیں۔ حکومت لوگوں کے نقصانات کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔ وہ اس مشکل حالت میں عوام کی جوان مردی ، صبر اور ہمت کو داد پیش کرتے ہیں۔
Load Next Story