جاوید ہاشمی کو نااہل قرار دینے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

تحریک انصاف کے صدر نے آئینی اداروں کا امیج خراب کرنے کی کوشش کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، درخواست میں موقف

عمران خان نے کہا تھا کہ سب طے ہےسپریم کورٹ 3 ماہ میں الیکشن کااعلان کردے گی، جاوید ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کو نااہل قرار دینے کے لئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔


اسلام آباد ہائیکورٹ میں محمد افضل نامی شہری نے اپنے وکیل کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں مخدوم جاوید ہاشمی کے علاوہ الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جاوید ہاشمی نے چیف جسٹس آف پاکستان اور پاک فوج پر انتہائی سنگین الزامات لگائے ہیں، انہوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آئینی اداروں کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی ہے جوکہ آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔ اس لئے عدالت عالیہ سے گزارش ہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی کو نااہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی نے اتوار کو اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ چند ریٹائرڈ جرنیل جلدی میں ہیں لیکن ملک میں مارشل لاء آیا تو بہت بڑی بغاوت ہوگی اور ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ عمران خان نے انہیں بتایا ہے کہ ملک میں مارشل لاء نہیں آئے گا، معاملہ سپریم کورٹ میں جائے گا اور جج 3 ماہ میں الیکشن کا فیصلہ دیں گے۔
Load Next Story