ممبئی انڈینز کی شکست کے بعد لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے لئے کوالیفائی کر لیا

ممبئی انڈینزکی ہار کی صورت میں ہی لاہورلائنزکوالیفائی کرپاتی اور اسے نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹس نےشکست سے دوچارکردیا


ویب ڈیسک September 16, 2014
لاہور لائنز کی جانب سے اعزاز چیمہ نے 3، وہاب ریاض اور عدنان رسول نے 2،2 جبکہ محمد حفیظ اور عمران علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو؛فائل

لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے کوالیفائی مرحلے میں سری لنکا کی ڈومیسٹک ٹیم سدرن ایکسپریس کو 55 رنز سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹ کے ہاتھوں ممبئی انڈینز کی شکست کے بعد لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے لئے کوالی فائی کرلیا۔


بھارت کے شہر رائے پور کے نارایان سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور لائنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، ابتدائی بلے باز عمر صدیق اور احمد شہزاد نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم 40 کے مجموعے پر عمر صدیق 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ احمد شہزاد بھی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 29 رنز بنا کر فرویز مہاروف کی گیند پر کیچ دے بیٹھے،ناصر جمشید ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اورصرف ایک رنز بنا سکے تاہم کپتان محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سعد نسیم کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 75 رنز کی شراکت قائم کی اور 127 کے مجموعی اسکور پر سعد نسیم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ نے 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے، اسی طرح عمر اکمل 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔


ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ڈومیسٹک سدرن ایکسپریس کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 27 کے مجموعے پر اعزاز چیمہ نے کشال پریرا کو 8 اور گناتھیلاکا کو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین بھیج دیا جس کے بعد سدرن ایکسپریس کے بلے باز یکے بعدیگرے وکٹیں گنواتے چلے گئے، سدرن ایکسپریس کے کپتان جہان مبارک سب سے زیادہ 35 رنز بناسکے جبکہ دیگر بلے بازوں میں انجیلو پریرا 16 اور ایشان جیارناتھے بھی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور پوری ٹیم 18 اوور میں 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لاہور لائنز کی جانب سے اعزاز چیمہ نے 3، وہاب ریاض اور عدنان رسول نے 2،2 جبکہ محمد حفیظ اور عمران علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


کوالی فائنگ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹ نے ممبئی انڈینز کو 6 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد کوالی فائنگ راؤنڈ کی 4 ٹیموں میں سے ناردرن ڈسٹرکٹ اور لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے لئے کوالی فائی کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔