کراچی میں رواں سال ٹارگٹ کلنگ کی شرح میں کمی واقع ہوئی آئی جی سندھ کا دعویٰ

لیاری سے بھتہ خوری کا خاتمہ ہوا ہے اور علاقے میں اب کوئی نوگو ایریا بھی نہیں، غلام حیدر جمالی کا دعویٰ


ویب ڈیسک September 16, 2014
یکم جنوری سے اب تک 212 دہشت گرد مارے گئے اور 1254 گرفتار کیے گئے ہیں، غلام حیدر جمالی، فوٹو:فائل

ISLAMABAD: آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے دعویٰ کیا ہےکہ کراچی میں روان سال ٹارگٹ کلنگ کی شرح 9 سے کم ہوکر 5 فیصد پر آگئی ہے جبکہ لیاری میں بھی اب نوگوایریاز نہیں رہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک 212 دہشت گرد مارے گئے اور 1254 گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ 2 ماہ میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتیوں کے 165 ملزمان ہلاک اور 1180 گرفتار ہوئے۔ آئی جی سندھ نے دعویٰ کیا کہ کراچی آپریشن کے بعد لیاری اورضلع ویسٹ کے حالات میں قدرے بہتری آئی ہے، لیاری سے بھتہ خوری کا خاتمہ ہوا ہے اور علاقے میں اب کوئی نوگو ایریا بھی نہیں ہے جبکہ اس سال شہرمیں ٹارگٹ کلنگ کی شرح 9 سے کم ہوکر 5 فیصد پر آگئی ہے۔

غلام حیدر جمالی نے کہا کہ صوبے میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں اغوائے برائے تاوان کے صرف 16 کیس زیر التوا ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں رواں ماہ ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کی لہر میں اضافہ ہوچکا ہے جس میں عالم دین علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے اور جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے بھی شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی لگادی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔