جاویدچوہدری نے نجی ٹی وی کیخلاف ہتک عزت کادعویٰ کردیا

پروگرام میںجھوٹے الزامات پرصولت رضا،غلام اکبراورارسلان خالدکونوٹس بھجوائے ہیں

پروگرام میںجھوٹے الزامات پرصولت رضا،غلام اکبراورارسلان خالدکونوٹس بھجوائے ہیں ۔ جاوید چوہدری ۔تصویر ایکسپریس

معروف کالم نگار اور اینکرپرسن جاوید چوہدری نے سچ ٹی وی کے چیئرمین افتخارنقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر صولت رضا، پروگرام ''سب کی بات'' کے میزبان غلام اکبر اور ارسلان خالد کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے ہرجانے کا مطالبہ کردیا۔


جاوید چوہدری نے اپنے وکیل حافظ عرفات احمد چوہدری کے ذریعے مذکورہ بالا شخصیات کو لیگل نوٹس جاری کروا دیا اور نوٹس کی کاپی چیئرمین پیمرا کو ارسال کر دی، جاوید چوہدری کا موقف ہے سچ ٹی وی کے چیئرمین، چیف آپریٹنگ آفیسر اور پروگرام ''سب کی بات'' کے میزبان غلام اکبر اور ارسلان خالد نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، ان کی عزت کو داغدار اورشہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، جاوید چوہدری کا کہنا ہے ان پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش کیے جائیں یا ان الزامات کی آن ائیر تردید کی جائے اور اگر 15 دنوں کے اندر اندر ان الزامات کی تردید نہ کی گئی تو سچ ٹی وی کے چیئرمین افتخارنقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر صولت رضا اور پروگرام ''سب کی بات'' کے میزبانوں غلام اکبر اور ارسلان خالد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،

واضح رہے ''سچ'' ٹی وی کے پروگرام ''سب کی بات'' میں غلام اکبر نے جاوید چوہدری پر الزام لگایاکہ یہ بحریہ ٹائون کے ملازم رہے ہیں، ان کا بحریہ ٹائون میں 10 مرلے کا گھر ہے، یہ ملک ریاض کے گھوسٹ رائٹر رہے ہیں، یہ ملک ریاض کیلیے کالم لکھتے رہے ہیں اور ہر کالم کے تین لاکھ روپے وصول کرتے رہے ہیں، غلام اکبر نے جاوید چوہدری پر الزام لگایاکہ انھوں نے ملک ریاض کی کتاب بھی لکھی اور اس کے عوض ایک کروڑروپے وصول کیے، جاوید چوہدری کے بقول یہ تمام الزامات سو فیصد جھوٹے اور بے بنیاد ہیں لہٰذا ٹی وی کے میزبانوں اور انتظامیہ کو عدالت میں جواب دینا ہو گا۔
Load Next Story