کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ 7 دہشت گرد ہلاک

سہراب گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن جاری تھاکہ اس دوران دہشتگردوں نےپولیس پراندھادھندفائرنگ شروع کردی،ایس ایس پی ملیر

آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت اور آبائی علاقے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار فوٹو؛ایکسپریس نیوز

سہراب گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ اس دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔


ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا تھا کہ حساس اداروں کی اطلاع پر سہراب گوٹھ کے علاقے افغان بستی میں پولیس کے 500 سے زائد کمانڈوز نے سرچ آپریشن کیا جہاں آپریشن کے دوران ایک گھر سے دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد گھر میں دھماکے کے باعث آگ لگ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے باعث بھگدڑ مچنے سے کئی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی ملیرراؤ انوار کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہےجس میں کارتوس، دستی بم اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گرد گزشتہ 3 ماہ سے اس گھر میں رہائش پذیر تھے تاہم ان کی شناخت اور آبائی علاقے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔
Load Next Story