بنگال ٹائیگرز ویسٹ انڈیز سے دم دباکر بھاگنے پر مجبور

500ویں ٹیسٹ کو 296 رنز کی فتح سے یادگار بنانے والے میزبان نے کوئی میچ نہ جیتنے دیا

500ویں ٹیسٹ کو 296 رنز کی فتح سے یادگار بنانے والے میزبان نے کوئی میچ نہ جیتنے دیا۔ فوٹو: فائل

بنگال ٹائیگرز ویسٹ انڈیز سے دم دباکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے، اپنے 500ویں ٹیسٹ کو296 رنز کی فتح سے یادگار بنانے والے میزبان نے دورے میں مہمان ٹیم کو کوئی میچ نہ جیتنے دیا۔

اسپنر سلیمان بین نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جیروم ٹیلر نے ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری کا سنگ میل عبور کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کیلیے حالیہ دورئہ ویسٹ انڈیز انتہائی مایوس کن رہا، جس میں وہ کسی مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں کرپائی، سیریز کے تینوں ون ڈے میچز میزبان ٹیم نے جیتے جبکہ واحد ٹی 20 بارش کی نذر ہوگیا، 2 ٹیسٹ کی سیریز میں بھی بنگال ٹائیگرز کے مقدر میں ناکامی ہی رہی۔


دریں اثنا ویسٹ انڈین کپتان دنیش رامدین نے کہا کہ دورئہ بھارت سے قبل یہ فتوحات ہمارے لیے خاصی حوصلہ افزا ہیں، شکست خوردہ کپتان مشفیق الرحیم نے کہا کہ اگرچہ ہم نے اس مقابلے میں کچھ مزاحمت کی لیکن یہ کافی نہیں رہی، ہمیں طویل دورانیے کی مسابقتی ٹیم بننے کیلیے بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، کیریئر کی 30ویں سنچری داغنے والے چندرپال کو میچ جبکہ ساتھی پلیئرکریگ باریتھ ویٹ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس سے قبل فتح کیلیے 489 رنز کا مشکل ترین ہدف پانے والی بنگلہ دیشی ٹیم 2 وکٹ پر 158 رنز تک پہنچنے کے بعد یکدم 192 پر ڈھیر ہوگئی۔

تمیم اقبال (64) اور مومن الحق(56) کے میدان بدر ہونے کے بعد مہمان سائیڈ سنبھل نہیں سکی، میچ ختم ہونے کے بعد بارش بھی شروع ہوگئی تھی۔ علاوہ ازیں میزبان فاسٹ بولر جیروم ٹیلر نے بنگلہ دیشی ٹیل اینڈر روبیع الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کرکے ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کر لی، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 20 ویں ویسٹ انڈین بولر بنے۔
Load Next Story