ایشین گیمز میں پاکستانی فٹبال ٹیم کا آج شمالی کوریا سے ٹکراؤ ہوگا

جنوبی کوریا اور فلسطین نے مسلسل دوسری فتوحات حاصل کرکے راؤنڈ 16 میں جگہ یقینی بنالی


Sports Desk September 18, 2014
ویمنز ایونٹ میں میزبان جنوبی کوریا نے بھارت کو10-0 سے کچل کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، تھائی لینڈ نے مالدیپ کو 10-0 سے ہرادیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایشین گیمز فٹبال کے مینز ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کا جمعرات کو شمالی کوریا سے ٹکراؤ ہوگا، جس نے اپنے ابتدائی میچ میں گروپ میں شامل تیسری ٹیم چین کو 3-0 سے مات دی تھی۔

بدھ کو منعقدہ میچزمیں دفاعی چیمپئن جاپان کو عراق نے 3-1 سے شکست دے دی، جنوبی کوریا اور فلسطین نے مسلسل دوسری فتوحات حاصل کرکے راؤنڈ 16 میںشرکت یقینی بنالی، ویمنز میں بھی میزبان جنوبی کوریا نے بھارت کو 10-0 سے کچل کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز فٹبال کے مینز ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا سفر جمعرات کو شمالی کوریا کیخلاف میچ سے شروع کرے گی، گروپ ' ایف ' میں شامل تیسری ٹیم چین کیخلاف گرین شرٹس اپنا دوسرا اورآخری لیگ میچ پیر کو کھیلیں گے۔

بدھ کومنعقدہ گروپ میچز میں فلسطین نے تاجکستان کو2-1 سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، یہ ایونٹ میں اس کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، تین مرتبہ کے چیمپئن جنوبی کوریا نے سعودی عرب کو 1-0 سے ہراکر راؤنڈ 16 میں قدم رکھ دیے، فیصلہ کن گول کھیل کے 12ویں منٹ میں کم سیونگ ڈائی نے بنایا، عراق نے دفاعی چیمپئن جاپان کو 3-1 سے شکست دے دی، مسلسل دوسری فتح نے گروپ میں عراق کی پوزیشن بہتر بنادی۔

جاپان کو ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کیلیے اب نیپال کیخلاف لازمی فتح درکار ہوگی، اومان اور سنگاپور کا مقابلہ 3-3 سے برابر ہوگیا، اومان نے کھیل کے11ویں منٹ میں ال حمہامی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن اگلے ہی منٹ میں جوابی وار میں سنگاپور کے ساحل شوہائمی نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا، 25ویں منٹ میں عبدالمجید نے گیند کو جال میں پہنچاکر اومان کو دوبارہ سبقت دلائی ،چارمنٹ بعد سعود الفارس نے گول بناکر اسے مزید مستحکم کردیا، وقفے سے 2منٹ قبل سنگاپور کے ریملی نے گول داغ کر اسکور2-3 کیا۔

دوسرے ہاف میں اومانی ٹیم مزید کوئی گول اسکور نہیں کرپائی تاہم سنگاپورین پلیئرز نے دباؤ بڑھائے رکھا، اس کا فائدہ انھیں فائنل وسل سے پانچ منٹ قبل مل گیا، صفوان بہارالدین نے گول داغ کر مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔دیگرمیچز میں ملائیشیا نے لاؤس پر 4-0 سے غلبہ پالیا، کویت نے نیپال کو5-0 سے آؤٹ کلاس کردیا۔دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں میزبان جنوبی کوریا نے بھارت کو10-0 سے کچل کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، یو ینگ ای نے 4 گول کیے، جیون گاایول نے 3 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، تھائی لینڈ نے بھی مالدیپ کو تختہ مشق بناتے ہوئے 10-0 سے فتح حاصل کرلی۔

ناکام سائیڈ اس سے قبل اپنے ابتدائی میچ میں بھارت کے ہاتھوں بھی 15-0 کی شکست سے دوچار ہوچکی ہے، اس طرح 2 میچز میں ان کیخلاف مجموعی طور پر 25 گول داغے جاچکے ہیں، تھائی لینڈکو پہلے مقابلے میں جنوبی کوریا نے 5-0 سے ہرایا تھا لیکن حالیہ فتح کی بدولت اس نے اپنا اعتماد بحال کرلیا، پٹسامائی سورنسائی نے 4 گول کیے،2 مرتبہ انھوں نے اونچے ہیڈرز کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی، ان کی ساتھی اسٹرائیکر نیسا رومیان نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، ایک ایک گول ویلیائی پورن ، اورتھائی سریمینی اور نوپھات سریسورم نے بنایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں