جنوبی کوریا میں ایشین گیمز کا میلہ سج گیا پاکستانی دستہ بھی شریک

گیمز میں 36 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جس میں مجموعی طور پر 45 ممالک کے 9 ہزار سے زائد ایتھلٹس شریک ہیں۔

جنوبی کوریا کے شہر انچیوں میں آج سے شروع ہونے والے ایشین گیمز 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ فوٹو: رائٹرز

جنوبی کوریا میں کھیلوں کے ایشیائی میلے کا میدان سج گیا، 17 ویں ایشین گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد جنوبی کوریا کے شہر انچیوں میں ہوا۔

جنوبی کوریا میں 17 ویں ایشین گیمز کا افتتاح پاکستانی وقت کے مطابق دن 4 بج کر 15 منٹ پر ہوا جس میں سب سے پہلے استقبالیہ پروگرامز پیش کئے گئے جب کہ اس موقع پر فنکاروں کی جانب سے مختلف کلچرل پروگرام پیش کئے گئے اس کے علاوہ سابق اور حالیہ ایتھلیٹس نے مرکزی مشعل بھی روشن کی۔ کلچرل پرفارمنس کے دوران میزبان ملک کے معروف میوزیشن اور گلوکاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا جب کہ تقریب میں شریک میزبان خواتین روایتی لباس میں ملبوس تھیں۔ افتتاحی تقریب کے دوران اسٹیڈیم میں 34 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔


جنوبی کوریا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں 36 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جس میں مجموعی طور پر 45 ممالک کے 9 ہزار سے زائد ایتھلٹس شریک ہیں۔ ایشین گیمز میں قطری خواتین ایتھلیٹس کی ریکارڈ تعداد حصہ لے رہی ہے، انچیون میں شیڈول گیمز کیلیے قطر کے 260 رکنی دستے میں سے 55 خواتین ہیں۔ ایوانٹ میں مجموعی طور پر 439 گولڈ میڈلز کے لیے جنگ ہوگی جب کہ مقابلے 49 مختلف مقامات پر ہوں گے۔

جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں شروع ہونے والے ایشین گیمز پر 2 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، 4 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 30 ہزار ورکرز کام کریں گے، کھیلوں کے اس میلے کی کوریج کے لیے 9 ہزار 296 میڈیا نمائندوں نے رجسٹریشن کرائی ہے جب کہ سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار 800 اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
Load Next Story