مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ فلم ریلیز ہونے سے اس کے متعلق من گھڑت خبریں منظر عام پر کیوں آتی ہیں؟ یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ ان میں کوئی سچائی نہیں ہوتی لیکن یہ سب افواہیں خود تو نہیں پھیلتی ظاہر ہے انہیں ہم تک پہنچانے میں میڈیا کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے ۔ ایسا ہی کچھ اس فلم کے ساتھ بھی ہوا ، آپ سوچ رہے ہوں گے کہ میں کس فلم کے بارے میں بات کر رہی ہوں تو آپ کی مشکل آسان کر دیتی ہوں میں ''فائینڈنگ فینی'' کا ذکر کررہی ہوں۔ دیگر فلموں کے مقابلے میں میرے نزدیک یہ ایک الگ حیشیت رکھتی ہے، اب ایسا کیوں ہے اس بات کا آپ کو تب اندازہ ہو گا جب آپ فلم دیکھیں گے۔
ماڈوک اور الیومیناتی فلمز کے بینر تلے بننے والی ''فائینڈنگ فینی '' کے ڈائریکٹر ہومی اڈجانا جبکہ فلم کے پروڈیوسر دینیش وجن ہیں ۔ کہانی ہومی اڈجانا اورکیرسی کھمبٹہ نے لکھی ہے جیسے فلم میں اسے دیپکا کی زبانی بتایا جارہا ہے۔ جبکہ موسیقی کے فرائض سچن جگر اور میتھیاز ڈپلیسی نے سر انجام دیئے ہیں۔
رام لیلا کی وہ نڈر اور بے باک لڑکی دیپکا پڈوکون اس بار ایک عیسائی لڑکی کے مختلف کردار میں نظر آئی ہے، ان کے ساتھ بالی ووڈ کے مشہور اداکار ارجن کپور ہیں جو اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی مختلف کردار نبھاتے چلے آرہے ہیں۔ دیگر کرداروں میں نصیر الدین شاہ، ڈمپل کپاڈیا اور پنکج کپور شامل ہیں جو فلم انڈسٹری میں کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
فوٹو؛ فیس بک
جیسا کہ فلم کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں کسی فینی کی تلاش کی جا رہی ہے، جس کے لئے یہ فلم ہمیں فلم گوا کی حسین وادیوں میں لے جاتی ہے جہاں فریڈی (نصیرالدین شاہ) کو ایک ایسا خط ملتا ہے جو اس نے 40 سال قبل اپنی محبوبہ فینی کو لکھا تھا ۔ اس خط میں فریڈی نے اپنی محبوبہ کو شادی کا پرپوزل بھیجا تھا، اور اب اسے فینی کی تلاش ہے تاکہ وہ اس کو بتا سکے کہ وہ اب تک اس کے انتظار میں ہے۔ فینی کو ڈھونڈنے کے لئے اینجی(دیپکا) فریڈی کی مدد کرتی ہے اور ساتھ ہی وہ ساویو(ارجن)، روضی( ڈمپل ) اور ڈان پیڈرو (پنکج) کو بھی مدد کرنے پر راضی کرتی ہے۔
فوٹو؛ فیس بک
فلم کے آغاز سے لے کر انٹرویل تک نہ کوئی گانا ہے اور نہ ہی زیادہ بات چیت دیکھائی گئی۔ 93 منٹ اس فلم میں جہاں فریڈی کو اپنی محبوبہ کی تلاش ہے وہیں کو ئی اور بھی اپنی کھوئی ہوئی محبت کو ڈھونڈ رہا ہے اور وہ ہے اینجی اور ساویو۔ اینجی ایک یتیم لڑکی ہے جس کی شادی کے دن اس کا شوہر مر جاتا ہے لیکن وہ اب بھی اپنی ساس (روضی) کے ساتھ رہتی ہے دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتی ہیں۔
دوسری جانب ساویو کو بھی اپنی فینی کا انتطار ہوتا ہے اور اس کا یہ انتظار اس سفر میں پورا ہو جاتا ہے، لیکن فریڈی جس کی وجہ سے یہ سب اس سفر پر نکلے تھے وہ مل کر بھی اپنی فینی سے نہیں مل پاتا کیونکہ اس کے وہاں پہنچنے تک فینی کسی اور دنیا میں قدم رکھ چکی ہوتی ہے۔ ان تمام چیزوں کے باوجود فلم کی ہیپی اینڈنگ ہوتی ہے کیونکہ روضی فریڈی کو اس کی فینی کی صورت میں مل جاتی ہے۔
فوٹو؛ فیس بک
یہ تو تھی فلم فائینڈنگ فینی کی کہانی ، اب آتے ہیں اس بات پر جو میں نے آغاز میں کہی تھی اور وہ یہ کہ فلم کی ریلیز سے پہلے ہر طرف اس بات کا شور تھا کہ کہ دیپکا اور رنویر سنگھ جلد شادی کرنے والے ہیں اور فلم کے ایک سین کی تصویر خبروں کی زینت بنی ہوتی تھی جس میں دنوں شادی لے لباس میں ملبوس ہیں۔ جبکہ اس کے برعکس یہ صرف فلم کا ایک سین تھا جس میں رنویرسنگھ نے دیپیکا کے شوہر کا کردار بطور اسپیشل اینٹری کیا تھا۔
فوٹو؛ فیس بک
اب کچھ گانوں کی بات ہوجائے۔ اس فلم میں محض دو سے تین گانے ہیں جس میں فینی رے اور شیک یور بوٹیا عوام میں کافی حد تک پسند کیا جارہا ہے۔
تاہم فلم میں زبان ہندی اور انگریزی کے ساتھ ساتھ گوا کی علاقائی زبان بھی بولی گئی ہے۔ مجھے تو فلم میں سوائے ایک لمبا سفر طے کرنے کے علاوہ کوئی اور خاص بات نظر نہیں آئی۔ ہاں دیپکا کا ایک ڈائیلاگ مجھے بے حد پسند آیا اور شاید اس نے صحیح بھی کیا ہے کہ؛
'' انسان مرتے ہیں ، پیار نہیں'' ۔
نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔