
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں مقامی نیوز چینل نے پدمنی پرکاش کو نیوز اینکر بنا کر ایک نئے دور کا آغاز کردیا ہے، 31 سال کی پدمنی پرکاش نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شروع شروع میں میں کچھ پریشان تھی تاہم میں نے اپنی آواز کے ردھم کو آہستہ اور واضح رکھا تاکہ ناظرین میرے الفاظ کو بآسانی سمجھ سکیں اور جب پدمنی نے اپنی پہلی خبریں پڑھیں تو تمام ہی لوگوں نے ان کی کارگردگی کو سراہا۔
پدمنی پرکاش اس سے قبل کئی ڈرامہ سیریل میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے بھی کافی کام کیا اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافی کے خلاف بھر پور مہم چلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح کے دباؤ سے کافی بار گزر چکی ہیں لہذا نیوز اینکر کا شعبہ بھی انہوں نے ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا،پدمنی کالج کے دور میں خواجہ سراؤں کے کئی مقابلہ حسن بھی جیت چکی ہیں۔
نیوزچینل کے چیرمین جی کے ایس سلواکمار کا کہنا تھا کہ ابتدائی ٹرائل لینے کے بعد انہیں یقین تھا کہ نہ صرف پدمنی اس کام کو بخوبی کرلیں گی بلکہ وہ مستقبل کی بہترین نیوز اینکربھی ثابت ہوں گی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔