نوازشریف نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے خلاف کرپشن کے 143کیسز ختم کرادیئے طاہرالقادری

یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں گدھے اور انسان برابر ہیں جبکہ جس نظام میں غریب نہ رہ سکے ہم ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں


ویب ڈیسک September 20, 2014
یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں گدھے اور انسان برابر ہیں جبکہ جس نظام میں غریب نہ رہ سکے ہم ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری، فوٹو : فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم کو دھرنے کی وجہ سے پارلیمنٹ میں آنا پڑا ہے جبکہ نوازشریف جب سے اقتدار میں آئے ہیں انہوں نے اپنے خلاف کرپشن کے 143 کیسز ختم کرادیئے ہیں۔

اسلا آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اصل پاکستان بازیاب کرانے کےلیے انقلابیوں نے تاریخ رقم کردی ہے ہم انقلاب کے ذریعے رویوں میں تبدیلی اور ہروزیر کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کتنے سال غریبوں پر ظلم کیا لیکن اب عوام ان کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں، پاکستان میں 12 کروڑ سے زائد عوام جس طرح کی زندگی گزاررہے ہیں وہ ناقابل بیان ہے اور یہ کیسی جمہوریت ہیں جہاں انسان اور گدھے برابر ہیں ہم ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں جس نظام میں غریب نہ رہ سکے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ آئین کا شور مچانے والوں نے کبھی آئین پڑھا بھی ہے، آج وزیراعظم کو دھرنے کی وجہ سے پارلیمنٹ میں آنا پڑا ہے جبکہ نوازشریف جب سے اقتدار میں آئے ہیں انہوں نے اپنے خلاف کرپشن کے 143 کیسز ختم کرادیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ 18 کروڑ عوام حکمرانوں کی کرپشن کی سزا بھگت رہے ہیں، پرویز مشرف کے دور میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 3 روپے تھی اور اب موجودہ حکومت میں فی یونٹ 15 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ تعلیم، صحت اور عزت میں بھی پاکستان کی تنزلی ہوئی ہے لیکن اب کچھ روز کی بات ہے حکمرانوں کو دن میں تارے نظر آجائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔