کراچی کے لوگوں کو مافیا سے آزاد کرانے آرہے ہیں عمران خان

کل بگ سنڈے ہے اورسونامی کراچی سے ٹکرائے گا اس لیے شہرقائد کے باسی تیار ہوجائیں، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 20, 2014
تحریک انصاف کا کوئی کارکن پی ٹی وی کی عمارت میں نہیں گھسا، عمران خان، فوٹو:ایکسپریس نیوز

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو دوسرے ممالک سے دوستی کرے لیکن کسی کی غلامی نہیں جب کہ کل بگ سنڈے ہے اورسونامی کراچی سے ٹکرائے گا اس لیے شہرقائد کے باسی تیار ہوجائیں۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے اس دن کا انتظار تھا جب قوم جاگے اور یہ ایک دن سمجھ جائے کہ ان پر ظلم ہورہا ہے جس کے خلاف وہ اٹھ کھڑے ہوں اور وہ دن 30 اکتوبر 2011 کو آیا جب مینار پاکستان میں عوام کا سمندر امڈ آیا جسے دیکھ کر ہم خود حیران تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی 18 سالہ سیاست میں اتنا مزہ نہیں آیا جتنا ان 37 دنوں میں آیا ہے، میرا خواب جو رہ گیا تھا وہ اب پورا ہوتا نظر آرہا ہے جس میں ایک حقیقی جمہوری پاکستان ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں دو جماعتوں کو نورا کشتی اور باریاں لیتے دیکھ کر تحریک انصاف بنانے کا فیصلہ کیا جس کے ذریعے ظالموں کا مقابلہ کیا جائے جبکہ اس دوران کئی نشیب وفراز بھی آئے اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب پارٹی میں صرف 5 لوگ رہ گئے تھے لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں باہر نکلے جس میں نوازشریف کنوینر تھے انہوں نے ہم سے الیکشن کا بائیکاٹ کرایا اور خود الیکشن لڑا، نوازشریف کا ہم سے یہ پہلا دھوکا نہیں تھا وہ ہمیشہ لوگوں کو دھوکے دیتے رہے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرا خواب ایک جمہوری پاکستان ہے جس کی دنیا بھر میں عزت ہو گی جہاں ہم کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے، حکمرانوں کو ہاتھ پھیلاتے دیکھ کر ہمیں شرم آتی ہے، نوازشریف اوباما کے سامنے پرچی پکڑ کر بیٹھے تھے کہ ان سے کہیں کوئی غلطی نہ ہوجائے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم دنیا سے لڑنا نہیں چاہتے بلکہ دنیا بھر کے ممالک سے ایسی دوستی چاہتے ہیں جو غلامی کی طرح نہ ہو کیونکہ ہمیں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکنا اور بیرونی حکم پر کوئی ظلم بھی نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو نیا پاکستان دیکھ رہا ہوں اس میں وہ دن ضرور آئے گا جب ہم بھارت کے غریبوں کی بھی امداد کریں گے اور ہم پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں گے جس میں لوگ باہر سے آنا پسند کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف چند دن بعد واشنگٹن فتح کرنے جارہے ہیں جہاں وہ عوام کا کروڑوں روپیہ خرچ کریں گے جبکہ ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ وہ اپنے بیرونی دوروں میں کرتے کیا ہیں، پی ٹی وی پر حملے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کی عمارت میں تحریک انصاف کا کوئی کارکن نہیں گھسا جبکہ کراچی میں جلسے پر عمران خان نے کہا کہ کل بگ سنڈے ہے اورسونامی کراچی سے ٹکرائے گا اس لیے کراچی والے تیار ہوجائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔