آسٹریلیا سے سیریز پلیئرز کی ابتدائی فہرست پر غور شروع

وقار یونس کی معین سے ملاقات، مصباح کی مشاورت سے منگل کو اسکواڈ کا اعلان متوقع


اسپورٹس رپورٹرز September 21, 2014
وقار یونس کی معین سے ملاقات، مصباح کی مشاورت سے منگل کو اسکواڈ کا اعلان متوقع۔ فوٹو: فائل

ہیڈ کوچ وقار یونس کی کراچی آمد کے بعد آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے پلیئرز کی ابتدائی فہرست پر غور شروع ہوگیا، اسکواڈز کا اعلان منگل کو متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق یواے ای میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو واحد ٹوئنٹی 20 میچ سے ہونا ہے، بعد ازاں 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ بھی شیڈول ہیں تاہم پی سی بی نے تاحال اسکواڈز کا اعلان نہیں کیا، ہیڈ کوچ وقار یونس آسٹریلیا سے پاکستان واپسی کے بعد گذشتہ روز کراچی پہنچ گئے، ذرائع کے مطابق ان کی چیف سلیکٹر معین خان سے ابتدائی فہرست پر بات چیت بھی ہوئی، ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے اپنی ریجنل ٹیم فیصل آباد وولفز کے ہمراہ اتورا کو شہر قائد آجائیں گے، تھنک ٹینک کی مشاورت کے بعد اسکواڈز کا اعلان منگل کو ہونے کی توقع ہے۔

معین خان نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب باہمی مشاورت سے کیا جائے گا، کوشش ہوگی کہ ایسی ٹیم تشکیل دیں جو ورلڈ کپ میں بہتر نتائج حاصل کرنے کی راہ ہموار کرسکے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر رہی ہے، معاون اسٹاف بھی اس حوالے سے اپنا کام کررہا ہے، اگلے میچز میں پرفارمنس کا بغور جائزہ لیںگے، انھوں نے کہا کہ قومی اسکواڈز کے انتخاب کیلیے بیشتر ہوم ورک کرلیا گیا، مشاورت مکمل ہونے پر منگل یا بدھ کو اعلان کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔