کوچ پلیئرز کے دل سے ہار کا خوف نکالنے کیلیے کوشاں

ورلڈکپ میں فتح کیلیے پُرعزم ہوں، آفریدی سے کوئی اختلاف نہیں ہے، وقار یونس


Sports Reporter September 21, 2014
سعید اجمل ایکشن کی درستگی کے لیے محنت کر رہے ہیں کامیابی کی امید ہے۔ فوٹو: فائل

TEHRAN: چیف کوچ وقار یونس پلیئرز کے دل سے ہارکا خوف نکالنے کیلیے کوشاں ہیں، انھوں نے ورلڈکپ میں فتح کا عزم ظاہرکردیا، سابق پیسر کے مطابق ان کا شاہد آفریدی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ڈر ڈرکر کھیلتے ہیں، جیت کیلیے ان کے دلوں سے خوف نکالنا ہوگا، میں چاہتا ہوں کہ ہماری ٹیم اتنی مضبوط ہو کہ ہر ون ڈے میچ میں 300 سے زائد رنز اسکور کرے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ برس شیڈول میگا ایونٹ میں کامیابی کیلیے سینئرز کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی بھی ضرورت ہوگی، ہم نے گذشتہ دونوں سیریز میں نئے اور باصلاحیت کرکٹرز کو آزمایا، ان کی موجودگی قومی ٹیم کی تشکیل اور تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی سے کوئی اختلاف نہیں، قومی ٹوئنٹی 20 کپتان کی حیثیت سے انھیں مکمل سپورٹ کروں گا۔ماضی کے عظیم پیسر نے کہاکہ سعید اجمل اچھا بولر ہے لیکن ورلڈ کپ نزدیک ہونے کی وجہ سے اس پر پابندی کے فیصلے کی ٹائمنگ غلط ہے، انھوں نے کہا کہ سعید انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے ایکشن کی درستگی پر سخت محنت کررہے ہیں، امید ہے کہ کامیاب ہوں گے، اگر میگا ایونٹ سے قبل پابندی ختم ہوگئی تو یہ ہمارے لیے اچھا رہے گا، بصورت دیگر متبادل نوجوانوں کو آزمائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آف اسپنر کے ایکشن کی درستگی کیلیے ''دوسرا''کے موجد ثقلین مشتاق کو بلانا پی سی بی کا کام ہے، اگر ان کے آنے سے مدد مل سکتی ہے تو یہ اچھی بات ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ میں، کھلاڑی اور مینجمنٹ ایک ہی صفحے پر ہیں تاہم چیزوں کو درست سمت میں گامزن کرنے میں وقت لگتا ہے۔ سابق کرکٹرز اور میڈیا سمیت سب کو مثبت ذہن رکھتے ہوئے معاملات کو بہتری کی جانب لے جانا ہوگا، تنقید ضرور کریں مگر یہ تعمیری ہونی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔