بولنگ ایکشن کی درستگی سعید اجمل کو استادوں نے ابتدائی ہوم ورک دیدیا

ادھوری بائیومکینک سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی کوشش


Sports Reporter/Abbas Raza September 21, 2014
کل ثقلین مشتاق کی آمد سے قبل ویڈیوز سمیت ریکارڈ مرتب کرلیا جائے گا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

سعید اجمل کو بولنگ ایکشن کی درستگی کیلیے مقامی استادوں نے ابتدائی ہوم ورک دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق برسبین کی لیب میں ٹیسٹ کی رپورٹ میں بیشتر گیندیں 15 ڈگری کی حد سے متجاوز قرار دیے جانے کے بعد آئی سی سی نے سعید اجمل کو بولنگ سے روک دیا تھا۔

پی سی بی نے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کے بجائے ان کا ایکشن قانونی حد میں لانے کیلیے ثقلین مشتاق، مشتاق احمد، ایک بائیومکینک ماہر اور انٹرنیشنل امپائر پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ سعید اجمل نے پیر کو اکیڈمی میں رپورٹ کردی تھی، آف اسپنر 2 سیشنز میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور بولنگ کرتے ہیں، این سی اے کے ہیڈ کوچ محمد اکرم، مشتاق احمد، سینئر جنرل منیجر علی ضیا اور پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم ابتدائی طور پر مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ڈیٹا بھی تیارکررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بولنگ ایکشن کی درستگی کیلیے باقاعدہ کام تو ثقلین مشتاق کی پیر کو آمد کے بعد شروع ہوگا تاہم لاہور میں موجود بورڈ عہدیدار ابتدائی ہوم ورک مکمل کرنے کیلیے سرگرم ہیں، این سی اے میں موجود بائیومکینک لیب تاحال تنصیب کی منتظر ہے۔

البتہ کیمروں اور دیگر متعلقہ سازو سامان کو عارضی طور قابل استعمال بناکر جس حد تک ممکن ہو مسائل کا جائزہ لیا جارہا ہے،ویڈیوز سمیت مختلف قسم کا ریکارڈ مرتب کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا، اسے پیش نظر رکھتے ہوئے ثقلین مشتاق کی رہنمائی میں ایکشن کی درستگی کا پلان تشکیل دیا جائیگا، ایک ماہ سے زیادہ دیر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران بائیومکینک لیب باقاعدہ طور پر فعال بنانے کی کوشش کامیاب ہوگئی تو ایکشن کا جائزہ لینے کیلیے کسی غیر ملکی ماہرکی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔