عمران خان کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں الطاف حسین

عمران خان کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مہمان ہوں گے، الطاف حسین


ویب ڈیسک September 21, 2014
کراچی میں آنے والے ہمارے مہمان ہیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ عمران خان کراچی میں ایم کیوایم کے مہمان ہوں گے اور وہ انہیں جلسہ کی پیشگی مبارکباد دیتے ہیں۔

لندن میں اپنی 61 ویں سالگرہ کے سلسلے میں اجتماع سے خطاب کے دوران الطاف حسین نے کہا کہ جب عمران خان نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا تو ہم نے انہیں خوش آمدید کہاتھا۔ آج وہ کراچی میں جلسے کے لئے آرہے ہیں تو وہ انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، کراچی میں آنے والے ہمارے مہمان ہیں، عمران خان ہوں، نوازشریف یا اسفندیار ولی خان، ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں، کراچی بڑا مہمان نواز ہے اور اپنے دامن میں ہر ایک کو سمیٹ لیتا ہے۔ ایم کیو ایم نے 1987ء میں کراچی اور حیدرآباد کی بلدیات کے ایوانوں میں غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھیج کر ایک انقلاب برپا کیا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مڈل کلاس نوجوانوں کو جاگیرداروں اور وڈیروں کے برابر بٹھایا، ملک سے جس فرسودہ نظام کے خاتمہ کے لئے ہم گزشتہ 37 برسوں سے جدوجہد کررہے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ آج وہ باتیں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری بھی کررہے ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، سندھ میں صوبے کے قیام پر اگر سندھی قوم پرستوں کواعتراض ہے توسندھ کا نام تبدیل کئے بغیر یہاں صوبے بنائے جاسکتے ہیں، سندھ کو شمالی سندھ ، جنوبی سندھ اور وسطی سندھ کے نام دے کر صوبے بنائے جاسکتے ہیں اس طرح سندھ میں صوبے بھی بن جائیں گے اور سندھ کا نام بھی تبدیل نہیں ہوگا۔ اسی طرح سے پنجاب اور ملک کے دیگرصوبوں میں بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر صوبے بنیں گے توچاروں صوبوں میں بنیں گے ورنہ نہیں بنیں گے، پاکستان کو بچانا ہے تو نئے صوبے بنانا ہوں گے۔ 1973ء میں سندھ میں 10سال کے لئے کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا تھا لیکن اس کی مدت میں توسیع کی جاتی رہی اوراب پھرکردی گئی ہے ۔ اگرسندھ ایک ہی ہے تو 40 اور 60 فیصد کا کوٹہ کیوں مقرر کیا گیا؟۔ جب یہ تقسیم ہوگی تو سندھ میں نئے صوبے کی قیام کے لئے آوازیں تو اٹھیں گی۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں