چیمپئنز لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے لاہور لائنز کو شکست دے دی

کولکتہ نے لاہور لائنز کا 151 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا


ویب ڈیسک September 21, 2014
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اوپنرز نے پہلی وکٹ پر 100 رنز جوڑے، گوتم گمبھیر 60 اور اوتھاپا 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو؛ بی سی سی آئی

چیمپئنز لیگ کے میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے لاہور لائنز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔


حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور لائنز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو حفیظ الیون کی لاہور لائنز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ احمد شہزاد 59 اور عمر اکمل 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے, کولکتہ نائٹ رائڈرز کی جانب سے سنیل نارائن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز، پیوش چاولا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


ہدف کے تعاقب میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 100 رنز کی شراکت قائم کی، کپتان گوتم گمبھیر اور روبن اوتھاپا کے سامنے لاہور لائنز کے بولرز بے بس دکھائی دیئے جبکہ بیٹسمینوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے،اوتھاپا 46 رنز بنا کر عدنان رسول کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ 113 کے مجموعی اسکور پر گوتم گمبھیر بھی 60 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسی طرح مینوندر بسلا 6، یوسف پٹھان 11، ٹین ڈوشہٹ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور میچ کے آخری اوور میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے 151 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ لاہور لائنز کی جانب سے اعزاز چیمہ نے 2، محمد حفیظ، وہاب ریاض، عدنان رسول اور مصطفی اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔