یمن میں سرکاری تنصیبات پر باغیوں کے قبضے کے بعد وزیراعظم نے استعفی دیدیا
یمن میں باغیوں نے وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر سمیت اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا جس کے بعد وزیراعظم محمد بسنداوا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت کے خلاف سرگرم باغیوں نے دارالحکومت صنعا میں سرکاری ریڈیو، وزارت دفاع، مرکزی بینک اور دیگر اہم مراکز پر قبضہ کرلیا جبکہ فوج نے بھی باغیوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی مزاحمت نہیں کی اور بعض فوجی عام کپڑے پہن کر باغیوں کے ساتھ شامل ہوگئے،باغیوں کے خلاف مزاحمت نہ کرنے اور انہیں گرفتار نہ کرنے کی وجہ سے وزیراعظم محمد بسنداوا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم بسنداوا نے استعفی دینے کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی تاہم کونسل آف منسٹرز نے اس حوالے سے صرف ایک خط جاری کیا ہے جس میں وزیراعظم کے استعفے کی تصدیق کی گئی ہے۔
دوسری جانب باغیوں کی تنظیم انصار اللہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں دارالحکومت میں اہم سرکاری تنصیبات پر قبضے کے اعلان کے ساتھ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے جب کہ ہمیں سیکیورٹی فورسز اور حکومتی حلقوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔