ایئرپورٹس پر افسران کے گٹھ جوڑ سے انسانی اسمگلنگ تیز

اسپیشل برانچ، ایف آئی اے امیگریشن اورانسانی اسمگلروں کے گٹھ جوڑ سے غیرقانونی دستاویزات پر جانیوالوں کی سرپرستی شروع


Adil Jawad September 22, 2014
اسپیشل برانچ، ایف آئی اے امیگریشن اورانسانی اسمگلروں کے گٹھ جوڑ سے غیرقانونی دستاویزات پر جانیوالوں کی سرپرستی شروع۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی عدم توجہی سے ایک سال بعد کراچی ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا کاروبار دوبارہ عروج پر پہنچ گیا، انسانی اسمگلروں، اسپیشل برانچ اور ایف آئی اے امیگریشن کے افسران کے گٹھ جوڑ سے لاکھوں روپے کے عوض غیرقانونی دستاویزات پر جنوبی افریقہ، یورپ اور سعودیہ جانے والے افراد کی سرپرستی شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اچھی شہرت کے حامل ایماندار افسران کو تعینات کیا تھا، ملک کے بڑے ایئرپورٹس کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ایف آئی اے امیگریشن میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں شروع کی گئیں انسانی اسمگلنگ میں معاونت کرنے والے کئی افسران کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی شروع ہونے پر ملک کے تمام ایئرپورٹس خاص طور پر کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل کیا جارہا تھا، تاہم ایک ماہ سے جاری سیاسی بحران کے باعث وفاقی حکومت کی توجہ سیاسی معاملات پر مبذول ہوگئی ہے اس صورتحال میں ایف آئی اے اور پولیس میں موجود مفاد پرست ٹولہ پھر متحرک ہوگیا ہے۔

کراچی ایئرپورٹ پر تعینات اسپیشل برانچ اور ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ انسانی اسمگلروں کے توسط سے بیرون ملک جانے والے افراد سے فی کس لاکھوں روپے وصول کرکے انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے رہا ہے، ذرائع کے مطابق جعلی دستاویزات پر جنوبی افریقہ اور ہمسایہ افریقی ممالک کے ویزے حاصل کرنے والے افراد سے فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کرکے انھیں جانے کی اجازت دی جارہی ہے، جعلی دستاویزات پر یورپ کا ویزا حاصل کرنے والے افراد سے فی کس 50 ہزار روپے جبکہ عمرے کا ویزا لے کر سعودی عرب میں روزگار کے لیے جانے والے افراد سے فی کس 30 ہزار روپے لیے جارہے ہیں۔

ایک سال بعد منظم انداز سے شروع ہونے والی غیرقانونی سرگرمیوں کی سرپرستی اسپیشل برانچ کراچی ایئرپورٹ کا انچارج کررہا ہے جو سیاسی اثرو رسوخ پر ایک ماہ قبل انچارج اسپیشل برانچ تعینات ہوا ہے، اسپیشل برانچ کا افسر ماضی میں ایف آئی اے امیگریشن میں تعینات رہا ہے اسی وجہ سے اس کے انسانی اسمگلروں اور ایف آئی اے امیگریشن کے افسران سے گہرے روابط ہیں۔

متعلقہ افسر خفیہ طریقے سے ایئرپورٹ امیگریشن کی مختلف شفٹوں میں تعینات گروپ انچارجز کی مدد سے انسانی اسمگلنگ کی سرپرستی کررہا ہے ، اسپیشل برانچ اور ایف آئی اے امیگریشن کے گٹھ جوڑ سے بدنام زمانہ انسانی اسمگلروں نے ایک بار پر کراچی کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنالیا ہے، انچارج اسپیشل برانچ کراچی ایئرپورٹ انسپکٹر عدنان شاہ نے رابطے پر تصدیق کی کہ کراچی ایئرپورٹ پر ہمیشہ سے انسانی اسمگلروں کے توسط سے آنے والے افراد کو بیرون ملک بھیجا جاتا ہے تاہم اس خبر کی اشاعت سے اداروں کی بدنامی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |