بلوچستان میں بدامنی پر سخت کارروائی کی جائے صدر زرداری

رہنما ناراضی ختم کرکے حکومت سے بات کریں، زرداری نے ذوالفقار مگسی کو مذاکرات کا ٹاسک دے دیا

رہنما ناراضی ختم کرکے حکومت سے بات کریں، زرداری نے ذوالفقار مگسی کو مذاکرات کا ٹاسک دے دیا، چاروں گورنرز سے ملاقات۔فوٹو/ایکسپریس

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گورنر بلوچستان کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ناراض بلوچ رہنماؤں سے ملاقات کریں اور ان کے تحفظات سن کر رپورٹ پیش کریں جبکہ صوبائی حکومت بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

بدھ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں گورنر بلوچستان نواب ذوالقفار مگسی سے ملاقات میں انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن و امان کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی اور ترقی کے لیے بلوچستان پیکیج کے علاوہ مزید فنڈ فراہم کیے جائیں گے اور تمام اضلاع میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ انھوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے جامع پلان تشکیل دے۔ ذرائع کے مطابق صدر نے گورنر کو ٹاسک دیا کہ وہ ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات کرکے ان کے مسائل اور تحفظات پر مبنی رپورٹ جلد سے جلد پیش کریں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔


قبل ازیں صدر نے ہلال احمر کی جنرل باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے غیر ملکی امداد پر انحصار کم سے کم کیا جائے۔ صدر کو بتایا گیا کہ ہلال احمر کے پاس 2 لاکھ 53 ہزار رضاکار، 1 لاکھ 70 ہزار تربیت یافتہ عملہ اور 443 ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کے ارکان موجود ہیں۔ صدر مملکت نے ہلال احمر کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ادیب رضوی، عاصمہ ارباب عالمگیر، صغراء امام، فضا گیلانی، پروین مگسی اور عبداللہ باری کو شامل کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس کے بعد صدر سے قائم مقام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو، گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ، گورنر خیبر پختونخواہ بیرسٹر مسعود کوثر، گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اور گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال، امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو مفاہمتی پالیسی کے سبب آج ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے۔ مفاہمتی پالیسی کے تسلسل کو مزید بڑھایا جائے گا۔ بدھ کو صدر سے اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی ملاقات کی۔
Load Next Story