کراچی میں تشدد کی لہر جاری سیاسی کارکنوں سمیت مزید 16افراد ہلاک دو بسیں نذر آتش

فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں متحدہ کے 2کارکن،پیپلزپارٹی کاعلاقائی صدر،جسقم اور وحدت المسلمین کا کارکن بھی شامل

پولیس کانسٹیبل سمیت متعدد زخمی، فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں متحدہ کے 2کارکن ،ایک ہمدرد،پیپلزپارٹی کاعلاقائی صدر،جسقم اور وحدت المسلمین کا کارکن بھی شامل۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بدھ کو بھی تشدد کی لہر جاری رہی، مختلف علاقوں میں فائرنگ سے سیاسی کارکنوں سمیت مزید 16افراد ہلاک اور پولیس کانسٹیبل سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔

انچولی میں نامعلوم افراد نے بس نذر آتش کردی جبکہ گارڈن میں نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں و کاروباری مراکز بند کردیے اورٹائرجلاکرسڑک ٹریفک کے لیے بند کردی ۔گلبرگ بلاک 17 میں36 سالہ شخص کی ہلاکت کے بعدعلاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اورنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں وکاروباری مراکز بند کرادیے۔ تفصیلات کے مطابق گولیمار رضویہ سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ظفرعلی اور زاہد علی جعفری ہلاک ہوگئے،مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں ، علاقہ ڈی ایس پی رستم خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ رضویہ سوسائٹی میں زمیندار چوک پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 42 سالہ ظفرعلی ولد اختر علی کو ہلاک کردیا۔

مقتول متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 189 کا کارکن تھا،ملزمان نے فرارہوتے ہوئے بھی اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 45 سالہ زاہد علی جعفری ولد عابد علی جعفری ہلاک جبکہ 40 سالہ اقبال ولد محمد احمد ، 23 سالہ جیکسن ولد پرویز ور 30 اسلہ الطاف ولد اللہ رکھا زخمی ہوگئے ، ہلاک و زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، ہلاک و زخمی علاقے کے ہی رہائشی تھے۔ کورنگی صنعتی ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مہرعلی پہنورہلاک ہو گیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی، علاقہ ایس ایچ او طارق رحیم نے بتایا کہ 28 سالہ مہر علی پہنور ولد محمد عثمان متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا کارکن تھا،واقعے کے وقت وہ اپنے بچوں کواسکول سے لے کرگھرجارہا تھا کہ سیکٹر 7-A میں پٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوارنامعلوم ملزمان نے سر پرگولیاں مارکرہلاک کردیا، مقتول حاجی ابراہیم گوٹھ کا رہائشی تھا۔

گلبرگ بلاک 17 میں رحمت بیکری کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ظہیرعباس ہلاک ہوگیا، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی،ایس ایچ اوسمن آباد انسپکٹر راشد نے بتایاکہ 36 سالہ ظہیرعباس ولد مرزا نادر بدھ کی صبح بچوں کواسکول چھوڑکرگھرواپس آرہا تھا کہ گھرکے دروازے پرموٹرسائیکل سوارنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اورنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں و کاروباری مراکز بند کرادیے،مقتول 3 بچوں کا باپ تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعدلاش ورثاکے حوالے کردی ۔ گارڈن میں نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں و کاروباری مراکز بند کرادیے، اس دوران ایک بس بھی نذرآتش کیے جانے کی اطلاع ملی ہے تاہم گارڈن پولیس کا کہنا ہے کہ فوارہ چوک پرنامعلوم افراد نے ٹائر نذرآتش کرکے سڑک ٹریفک کیلیے بندکردی۔

پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کے دوران 30 مرتضیٰ شاہ زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیاگیا، علاوہ ازیں انچولی میں نامعلوم افراد نے بدھ کی شب ہوائی فائرنگ کرکے علاقے میں دکانیں وکاروباری مراکزبندکرادیے جبکہ النور اسپتال کے قریب منی بس نذرآتش کردی جس کے باعث علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا۔گارڈن میں فوارہ چوک پرفائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جوکہ دوران علاج اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس کے مطابق 25 سالہ محمد خالد ولد عبدالغفورفوارہ چوک پرسموسے کا ٹھیلہ لگاتا تھا، موٹرسائیکل سوارنامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کی جس سے اس کے سراور پیٹ میں 2 گولیاں لگیں اسے شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیاگیاتھا، مقتول اپنے 2 بھائیوں کے ہمراہ دھوبی گھاٹ عثمان آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیرتھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم تفتیش شروع کردی گئی ہے۔لیاری مرزا آدم خان روڈ سے نوجوان کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئی ، چاکیواڑہ پولیس کے مطابق 30 سالہ خرم شہزاد ولد اعظم بھٹی چاکیواڑہ میں ٹھیلا لگاتا تھا ، بدھ کی دوپہر 12 بجے گھر سے نکلا تھا اور2 بجے اس کی لاش مل گئی، مقتول بہار کالونی آگرہ تاج کا رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا، فوری طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ عزیز بھٹی کے علاقے ڈالمیا میں گلی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 48 سالہ جمیل احمد ولد شاہنواز کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے رشتے داروں سے ملنے کراچی آیا ہوا تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق سکھر سے تھا۔


مقتول کومخبری کے شبے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔اورنگی ٹائون کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نعیم بلوچ ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق 27 سالہ محمد نعیم بلوچ ولد کریم جان بلوچ کو شاہجہاں روڈ سیکٹر10 میں گھرکے سامنے نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا، مقتول منشیات فروشی، اقدام قتل اور دیگر واردتوں میں پولیس کومطلوب تھا، اسکے خلاف مومن آباد کے علاوہ اورنگی ٹائون کے دیگرتھانوں میں بھی مقدمات درج تھے۔

سہراب گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل محمد مٹھل ولد علی بخش زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق مٹھل سپرہائی وے پر واقع گوٹھ میں رہائش پذیرہے اور واقعے کے وقت سہراب گوٹھ تھانے آرہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسے 10 گولیاں لگیں، فوری طور پر مضروب کو عباسی شہید اسپتال بعدازاں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران 17 سالہ عامر ولد امام بخش زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا،سپر ہائی وے پر براق پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اکبر ملاح زخمی ہوگیاجوک فینسی اسکوائرسہراب گوٹھ کا رہائشی ہے۔کھارادرکے علاقے سائوتھ نیپئر روڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلال زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق 20 سالہ بلال علی ولد شعبان علی کے پیٹ میں 2 گولیاں لگیں،اس کی حالت تشویشناک ہے۔ کھارادر کے علاقے ساؤتھ نپیئر روڈ صوفی ہوٹل کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا20 سالہ بلال علی ولد شعبان علی سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا،پولیس کے مطابق مقتول کھارادرکا رہائشی اور وحدت المسلمین کھارادر یونٹ کا کارکن تھا،واقعے کے بعد کھارادراور اس سے متصل علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگر کاروبار بند کرا دیا جبکہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 7/Bبھٹو چوک راجپوت بیکری کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے27 سالہ عمر شیخ ولد یعقوب شیخ ہلاک جبکہ33 سالہ لالہ فضل الرحمٰن عرف اویس زخمی ہوگیا ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول عمر شیخ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7/Bمکان نمبرN/143کا رہائشی اور پیپلز پارٹی PS-97 یوسی6 کا کارکن تھا مقتول کی3ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مقتول کے بہنوئی فیروز عرف فوجی کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے اغواکے بعد قتل کیا تھا رات گئے زخمی ہونے والا لالا فضل الرحمٰن عباسی شہید اسپتال میں چل بسا جبکہ الفلاح کے علاقے شاہ فیصل کالونی حسنا آباد صدیق گوٹھ غریب شاہ مزار کے قریب مکان نمبر21 کے رہائشی 65 سالہ نذیراحمد نواب عرف انکل کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اورملزمان فرار ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق مقتول کا بیٹا متحدہ قومی موومنٹ شاہ فیصل کالونی سیکٹر یونٹ103/B کا کارکن تھا جبکہ مقتول ہمدرد تھا جبکہ نارتھ کراچی کے علاقے ٹاؤن آفس کے قریب بدھ میں بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے38 سالہ نثار احمد ولد فیض احمد ، اس کا بھائی ندیم احمد اور28 سالہ وحید علی ولد نہال علی زخمی ہو گئے جنچیں عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں نثار احمد چل بسا، مقتول نیو کراچی سیکٹر5/K الحمرا ایونیو اپارٹمنٹ کا رہائشی اور جئے سندھ قومی محاذ کا کارکن تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ گمبٹ سے تھا ، مقتول کا بدھ بازار میں پیمپرکا اسٹال تھا واقعے کے وقت وہ اوراس کا بھائی ملازم کے ہمراہ اسٹال پر کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد بھرے بازار میں فائرنگ کردی فائرنگ کے باعث بدھ بازار میں بھگدڑ مچ گئی خواتین اور بچے چیخیں مارتے ہوئے جان بچانے کی کوشش کے دوران گرکر زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ تیموریہ کے علاقے بفرزون پیپلزچورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی سوزوکی پک اپ نمبر KH-9573پر فائرنگ سے45 سالہ محمد صدیق ہلاک ہوگیا پولیس کے مطابق مقتول نجی کمپنی کا سیلز مین تھا جبکہ گلبرگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے37 سالہ عبد اﷲ ولد قیوم زخمی ہو گیا زخمی ہونے والا گلشن اقبال بلاک13/D کا رہائشی ہے جبکہ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کے ایریا کورنگی ندی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے32سالہ امام الدین ولد احمد دین زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا گیا زخمی شخص کورنگی مہران ٹاؤن مکان نمبر347 کا رہائشی ہے جبکہ گلشن چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عمران حسین زخمی ہو گیا۔رینجرز نے سرجانی ٹاؤن کے مختلف سکیٹرز7/A ، 7/B ، 4/B خداد کی بستی اور سیکٹر ایل میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

جوہر آباد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب نامعلوم افراد کی مٹھائی کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ سے دکان کا مالک40سالہ قاسم علی ولد یوسف علی ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے لیاقت آبا ڈاکخانہ چونا ڈپو کے قریب مسافر بس نمبر JA-5910کو آگ لگا دی واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے لیاقت آباد اور اس سے متصل علاقوں میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے باعث دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا علاقے میں خوف ہراس کے باعث فائر بریگیڈ کا عملہ بس کی آگ بجھانے بروقت نہیں پہنچ سکا جس کے باعث بس مکمل طور پر جل گئی جبکہ درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز6خیابان راحت اسٹریٹ 30 پلاٹ نمبر193/1 کے قریب خالی پلاٹ سے50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان اغوا کر کے لائے تھے زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی سے نامعلوم ملزمان ایک فلاحی ادارے کی ایمبولینس نمبرEA-4352 کے ڈرائیور اعظم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ایمبولینس چھین کر فرار ہو گئے۔

Recommended Stories

Load Next Story