وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں آپریشن ضرب عضب سمیت دیگر امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم نے ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا اور حالیہ سیلاب کے دوران متاثرین کو امداد کی فوری فراہمی کے حوالے سے بھی فوج کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملک کی داخلی سکیورٹی پر غور، آپریشن ضرب عضب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ،آئی ڈی پیز کی بحالی اور افغانستان میں سیاسی تبدیلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔