دہری شہریت 8 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے شیڈول جاری

قومی اسمبلی کی3، پنجاب اسمبلی کی 4اور سندھ کی 2 نشستوں پر پولنگ 17نومبر کوہوگی


APP/staff Reporter September 27, 2012
قومی اسمبلی کی3، پنجاب اسمبلی کی 4اور سندھ کی 2 نشستوں پر پولنگ 17نومبر کوہوگی۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے دہری شہریت کی وجہ سے نااہل قرار دیے جانے والے 8 ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی کی 3' پنجاب اسمبلی کی 4 اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر پولنگ 17 نومبر کو ہوگی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 107 گجرات' این اے 162 ساہیوال اور این اے 245 کراچی' پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 26 جہلم' پی پی 92 گوجرانوالہ' پی پی 122 سیالکوٹ' پی پی 144 لاہور اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 21 نوشہرو فیروز کے ان حلقوں میں کاغذات نامزدگی 8 اور 9 اکتوبر کو وصول کیے جائیں گے جن کی جانچ پڑتال دس اور گیارہ اکتوبر کو جبکہ ان پر ریٹرننگ افسران کی جانب سے فیصلے پر اپیلیں 15 اکتوبر اور ان کی سماعت 18 اکتوبر تک ہوگی۔

کاغذات نامزدگی 19 اکتوبر کو واپس لیے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ حتمی فہرست 20 اکتوبر کو شائع کی جائے گی جبکہ پولنگ 17نومبر کو ہوگی۔ سندھ میں دہری شہریت کے حامل ایم کیوایم کے فرحت محمد خان کو کراچی کی نشست این اے 245 اور پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر احمد علی شاہ کو نوشہرہ فیروز پی ایس 21کی نشست سے ہاتھ دھونا پڑا جب کہ متحدہ قومی موومنٹ کی نادیہ گبول اور پیپلز پارٹی کی فرح ناز اصفہانی خواتین کی خصوصی نشست کی رکنیت سے محروم ہوگئیں۔

شیڈول کے مطابق حلقہ این اے 245اور پی ایس 21 پر ضمنی انتخابات کا انعقاد 17نومبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دہری شہریت کے باعث سندھ میں خواتین کی خصوصی نشستوں سے ایم کیوایم کی نادیہ گبول اور پیپلزپارٹی کی فرح ناز اصفہانی کی رکنیت معطل ہوگئی ہے جبکہ قومی انتخابات کے موقع پر دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے جمع ہونے والی ترجیحی لسٹ میں ایم کیوایم کی رفعت خان ایڈوکیٹ اور پیپلزپارٹی کی منیرہ شاکر کے نام سرفہرست ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں