پشاور میں ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق 18 زخمی

حملے سے ایف سی کی گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ایک موٹر سائیکل اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔


ویب ڈیسک September 23, 2014
بارودی مواد گاڑی میں نصب تھا جب کہ خودکش حملہ آور ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، سی سی پی او پشاور فو؛اے ایف پی

صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایف سی کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اچانک دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کی ڈبل کیبن گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ایک موٹر سائیکل اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سی سی پی او پشاور نے ایف سی کے قافلے پر حملے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارودی مواد گاڑی میں نصب تھا جب کہ خودکش حملہ آور ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق حملے میں تقریباً 45 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے وقت ایف سی کی گاڑی میں برگیڈیئرخالد بھی موجود تھے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے اور انہیں معمولی زخم آئے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں جب کہ ریسکیو ٹیموں نے حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمی ہونے والے افراد میں 2 ایف سی اہلکار اور 16 سویلین شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں