عمران خان کواستعفیٰ کی تصدیق کے لئے 13 اکتوبرکو بلایا ہے اسپیکر قومی اسمبلی

تحریک انصاف کےارکان کے استعفوں کا معاملہ مزید ٹالانہیں جاسکتا اورجمعرات تک استعفوں کی منظوری شروع کردی جائےگی،ایازصادق


ویب ڈیسک September 23, 2014
تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کا عمل 15 اکتوبر تک مکمل ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کا معاملہ مزید ٹالا نہیں جاسکتا اورجمعرات تک تحریک انصاف نہیں مانی تو وہ استعفوں کی منظوری شروع کردیں گے۔

قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انہیں تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کا معاملہ مزید کچھ دن موخر کرنے کا کہا تھا لیکن انہوں نے کہہ دے دیا ہے وہ اس معاملے میں جس قدر وقت دے سکتے تھے وہ انہوں نے دے دیا ، اب اسے مزید ٹالا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جرگہ جمعرات تک تحریک انصاف سے جو بات کرنا چاہتا ہے کرلے، عمران خان کرکٹر ہیں وہ بیٹنگ اور باؤلنگ صرف میدان میں ہی کرسکتے ہیں۔ عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں آئیں اور استعفے واپس لیں، ان کا دل چاہتا ہے کہ وہ عمران خان کو اپنے پرانے تعلق کا واسطہ دیں لیکن اپنے منصب کی وجہ سے سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 31 ارکان اسمبلی کے استعفے ان کے دفتر میں جمع کرائے گئے جن میں جاوید ہاشمی نے پارلیمنٹ میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، 25 ارکان کو انہوں نے استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کیا جب کہ 5 نے اپنے استعفوں میں اسپیکر قومی اسمبلی کے بجائے چیرمین تحریک انصاف کو مخاطب کیا ہے اس لئے انہوں نے یہ استعفے واپس بھجوا دیئے ہیں۔ قوانین کے مطابق انہوں نے استعفے دینے والوں کو الگ الگ بلوایا ہے جو اپنے استعفوں کی تصدیق یا تردید کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو استعفے کی تصدیق کے لیے 13 اکتوبر کو بلایا ہے، استعفوں کی تصدیق کا عمل 15 اکتوبر تک مکمل ہوگا اگر تحریک انصاف کے ارکان تصدیق کے لئے نہ آئے تو وہ قانونی ماہرین سے مشاورت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں