جمہوریت اور عوام کی بہتری چاہنے والی جماعتوں کا ساتھ چاہتے ہیں نواز شریف

اندھیروں سے نکلنے اور بلوچستان کے مسائل کا حل صرف الیکشن کرانے میں ہے


Numainda Express September 27, 2012
لاہور: نواز شریف سے محمود اچکزئی ملاقات کررہے ہیں، اس موقع پر دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ فوٹو: این این آئی

پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سر براہ محمود اچکزئی نے منگل کو مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے ملاقات کی۔

جس میں دونوں جماعتوں کے تعلقات، نگران سیٹ اپ اور بلوچستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی اور انتخابی اتحادکے بارے میں بھی بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔ نوازشریف نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی جڑیں کمزور ہورہی ہیں، ملک کو کسی بڑی تباہی سے بچانے کے لیے حکمرانوں سے نجات اور جلدازجلد عام انتخابات ناگزیر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ جمہوریت اور عوام کی بہتری کی سوچ رکھنے والی تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور آج ضرورت اس بات کی ہے کہ سب متحد ہوکر ملک کی حفاظت کریں۔

ملک آج جس تباہی اور بربادی کا شکار ہے اس کی ذمے دارصرف پیپلزپارٹی نہیں اس کے وہ تمام اتحادی بھی ہیں جو حکو مت کے ہر برے کام میں اس کا ساتھ دیتے ہیں ۔ محمود اچکزائی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جتنے مسائل آج ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی ، اگر حکمرانوں کی نیت ٹھیک ہوتی تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے تھے۔ این این آئی کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور بلوچستان کے مسائل کا حل صرف عام انتخابات کرانے میں پوشیدہ ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ہمارا شروع دن سے مئوقف ہے کہ بلوچستان کے احساس محرومی کو دور کرنے کیلیے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ مشرف کے دور میں بلوچستان کے حالات میں بگاڑ پیدا ہوا جبکہ موجودہ حکومت نے بھی مسائل کے حل کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔ اگر اللہ نے موقع دیا تو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |