انتخابات میں دھاندلی جمہوریت کے میرجعفر سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نے کرائی عمران خان

الیکشن کمیشن کی رپورٹ ہمارے دھرنے کے دباؤ پر باہر نکلی ہے جس سے نوازشریف کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 23, 2014
قائم مقام چیرمین نادرا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انتخابی نتائج تبدیل کررہے ہیں، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ سے نوازشریف کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا ہے جبکہ دھاندلی میں ملوث افتخارچوہدری کے خلاف سچائی بتانے کے لیے بے چین ہوں اس لیے سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ میرا کیس جلد سنے۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ ہمارے دھرنے کے دباؤ پر باہر نکلی ہے جس سے نوازشریف کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی پر ہمارا موقف تسلیم کیا ہے،الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں عام انتخابات کو فراڈ قرار دیا گیا ہے اور اس میں بیلٹ پیپرز اردو بازار سے چھپوانے اور ناقص سیاہی کے استعمال کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی پاکستان میں جمہوریت کے میر جعفر افتخار چوہدری نے کرائی کیونکہ سابق چیرمین نیب فصیح بخاری نے بھی افتخار چوہدری کو ہی دھاندلی میں ملوث قرار دیا ہے جبکہ افتخار چوہدری کے خلاف سابق ڈی جی ایم آئی ندیم اعجاز کا بیان حلفی بھی میرے پاس آچکا ہے جس کے بعد افتخار چوہدری کے خلاف سچائی بتانے کے لیے بے چین ہوں اس لیے سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ میرا کیس جلد سنے۔

عمران خان نے کہا کہ قائم مقام چیرمین نادرا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انتخابی نتائج تبدیل کررہے ہیں جس کا ہمیں پتا چل چکا ہے ہم چیرمین نادرا کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دلوائیں گے، بڑا انسان ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کرتا ہے ، جب قومیں امتحان میں آتی ہیں تو حکومتیں فیل اور قوم ہی پاس ہوتی ہےاور جب بھی ہماری قوم کو امتحان میں ڈالا گیا یہ اس میں کامیاب ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکا نے قوم میں حوصلہ پیدا کردیا ہے جس کے باعث پاکستان کا مظلوم اور امیر طبقہ جاگ چکا ہے اور وہ لوگ بھی سڑکوں پر آچکے ہیں جو ملک کے مستقبل سے مایوس ہوچکے تھے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔