ایف بی آر نے ماتحت اداروں سے ٹیکس وصولیوں کی ماہانہ رپورٹ طلب کرلی

فیلڈ فارمیشنز کو واجبات اور صلاحیت کے مطابق وصولیاں یقینی بنانے کیلیے اقدامات کی ہدایت


Irshad Ansari September 24, 2014
ریونیو گروتھ 14 تا 15 فیصد ہے، ہدف کیلیے 24 فیصد درکار، فیلڈ آفسز سے نمو بڑھانے کو کہا گیا۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں قائم تمام ماتحت اداروں کو ٹیکس وصولیوں کے بارے میں ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ بھجوانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے تمام فیلڈ فارمشنز سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کی رپورٹ الیکٹرانیکلی بروقت ہیڈکوارٹرز کو بھجوائی جائے تاکہ ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر موازنہ کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے فیلڈ آفسز سے کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے مقررہ ٹیکس اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے، ٹیکس واجبات کی ریکوری اور تمام شعبوں سے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ فارمشنز کی طرف سے موصول ہونے والے اعدادوشمار میں ریونیو گروتھ 14 سے 15 فیصد کے درمیان آ رہی ہے، فیلڈ آفسز سے کہا گیا ہے کہ ریونیو گروتھ کو بڑھایا جائے کیونکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 24 فیصد سے زائد گروتھ درکار ہے اور اگر پہلی سہ ماہی میں ریونیو میں شارٹ فال آیا تو اس سے گروتھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق تباہ کن سیلاب کے باعث پہلے ہی ریونیو متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جائزہ لیا جارہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے ریونیو پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

حکومت کی کوشش ہوگی کہ انتظامی اقدامات اور کارکردگی کو بڑھا کر اضافی ریونیو حاصل کیا جائے تاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے ریونیو پر مرتب ہونے والے اثرات کو زائل کیا جاسکے تاہم اگر اثرات بہت زیادہ ہوئے اور رواں مالی سال کے لیے مقررہ دیگر اقتصادی اہداف پر نظرثانی کی گئی تو اس صورت میں ٹیکس وصولیوں کے اہداف پر بھی نظر ثانی کرنا پڑے گی البتہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور سیلاب زدہ علاقوں سے پانی اترنے کے بعد نقصانات کی جو حتمی رپورٹ آئے گی اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں