آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا اعلان یونس خان اور عمر گل ڈراپ

عمرگل اور یونس خان کے لئے دروازے بند نہیں ہوئے بہتر کھیل اور فٹنس کا مظاہرہ کرکے وہ ٹیم میں واپس آسکتے ہیں، چیف سلیکٹر


ویب ڈیسک September 24, 2014
عمرامین نے ٹی 20 چیمپئن شپ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اس لئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،معہن خان۔ فوٹو: ایکسپریسن نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں یونس خان اور عمر گل جگہ نہیں بناپائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف سلیکٹر معین خان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا جس کے تحت آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی 20 میچ کے لئے شاہد آفریدی کپتان ہوں گے، اس کے علاوہ احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمر امین، عمر اکمل، صہیب مقصود، اویس ضیا، سعد نسیم، رضا حسن، محمد عرفان، وہاب ریاض، بلاول بھٹی اور سہیل تنویر ٹی 20 اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ ون ڈے ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمر اکمل، فواد عالم، عمر امین، اسد شفیق، صہیب مقصود، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، رضا حسن، محمد عرفان، انورعلی، وہاب ریاض اور جنیدخان شامل ہیں۔

معین خان کا کہنا تھا کہ یونس خان کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے غور کیا لیکن آخر میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل کے لئے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ یونس خان کے لئےدروازے بند ہوگئے وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل کر پھر واپس آسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرگل نے بھی پاکستان کے لئے بہت خدمات سرانجام دی ہیں لیکن ان کے فٹنس کا معیار اس سطح کا نہیں کہ وہ فی الحال بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکیں، اس کے علاوہ عمرامین نے ٹی 20 چیمپئن شپ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اس لئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔