وزارت مذہبی امور نے احکامات پر عمل نہ کیا تو الٹا لٹکا دینگے لاہور ہائیکورٹ

بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کے بارے میں امریکی حکومت کولکھا گیا خط پیش کرنیکا حکم


ایکسپریس July 12, 2012
بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کے بارے میں امریکی حکومت کولکھا گیا خط پیش کرنیکا حکم، پنجاب یونیورسٹی کومزید مہلت مل گئی۔ فوٹو/ایکسپریس

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے حج کوٹا تقسیم توہین عدالت کیس میں وفاقی وزارت مذہبی امورکونادہندہ حج ٹورآپریٹرزکے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی جبکہ مزید سماعت 18 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

بدھ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے وکیل الیاس خان نے عدالت کو بتایا کہ 726 پرانے ٹور آپریٹرز میں سے صرف ایک سو60 ٹور آپریٹرز نے کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کیے ہیں جبکہ عدالتی حکم پر پرانے ٹور آپریٹرز نے سات کروڑ بیس لاکھ روپے کا انکم ٹیکس ادا کر دیا ہے۔ درخواست گزاروں ٹریول شاپ وغیرہ کے وکیل محمد اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور نئے ٹور آپریٹرز کو کوٹہ دینے کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے جس پر فاضل عدالت نے قرار دیا کہ اگر وزارت مذہبی امور نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کیا تو الٹا ٹانگ دیا جائیگا۔ میرٹ پر پورا اترنے والے نئے ٹور آپریٹرز کیلئے دروازے کھولے جائیں۔ عدالت ٹیکس چوروں کا ساتھ نہیں دے سکتی،

دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے بگرام جیل افغانستان میں قید32 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلیے دائر درخواست میں ان قیدیوں کی رہائی کیلئے امریکی حکومت کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کرنیکا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت25 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر افغان ڈیسک جلیل خٹک نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ 32 قیدیوںمیں سے کئی کے پاکستانی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جن کی رہائی کے لیے امریکی حکومت کو خط لکھا گیا مگر امریکی حکومت نے انکارکردیا تاہم اس حوالے سے سفارتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی آپریشن کی سرزنش کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پولیس نے ماتحت عدالتوں کے احکامات کو نہ ماننے کا وطیرہ بنا رکھا ہے۔

اگر آئندہ ایسی اطلاع ملی تو ماتحت کی بجائے اسکے افسرکے خلاف مقدمہ درج کروایا جائیگا۔ جسٹس صغیر قادری نے خاتون پروین بی بی کی طرف سے پولیس کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے کیس کی سماعت کے دوران سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپرییشن کو طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب پر خرچ کردہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی رقم سرکاری خزانے سے ادا کرنے کیلئے دائر درخواست میں ضلعی حکومت کو مذکورہ بالا رقم پنجاب یونیورسٹی کو دینے کیلیے آخری موقع دیتے ہوئے مزید سماعت25جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں