ووہان ٹینس میں ماریا شراپووا بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

سوئس پلیئر ٹیمیا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی،ملائیشیا میں نیشکوری کا فاتحانہ آغاز

ووہان ٹینس، ماریا شراپووا تیسرے رائونڈ میں سوئس حریف ٹیمیا کیخلاف ریٹرن شاٹ کھیل رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فیصل آباد:
ووہان ویمنز ٹینس میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں، فرنچ اسٹار کیرولین گارشیا نے فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔

ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا اور ورلڈ نمبر8 جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے بھی راؤنڈ 8 میں جگہ بنالی، ملائیشین اوپن میں ٹاپ سیڈ کائی نیشکوری نے راجیورام کو ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق 2.4 ملین ڈالر انعامی مالیت کے ووہان ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں کئی سیڈڈ پلیئرز کے بعد تیسرے راؤنڈ میں ماریا شراپوواکی بھی چھٹی ہوگئی،4 سیڈ روسی اسٹار کو سوئس پلیئر ٹیمیا بیسنزسکی نے سخت مقابلے میں شکست دی، انھوں نے پہلا سیٹ 7-6(7/3) سے جیتا جبکہ دوسرے میں بھی 7-5 سے فتح فرنچ پلیئر کا مقدر بنی۔


سوئس پلیئر بیسنزسکی کا سامنا کوارٹر فائنل میں کیسی ڈیلوکا یا کیرولین ووزینسکی میں سے کوئی ایک کرے گی، پہلے راؤنڈ میں وینس ولیمز اور دوسرے میں اگنیسکا ریڈوانسکا کو پچھاڑنے والی فرنچ اسٹار کیرولین گارشیا نے اس مرحلے پر امریکی حریف کوکو وینڈی ویگ کو 6-3 اور6-2 سے ہرادیا، فرانس کی آلیز کورنیٹ نے بیلجیئن پلیئر کرسٹن فلکپنز کو 7-6(7/4)،1-6 اور6-3 سے قابو کیا،تھرڈ سیڈ ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو 6-3،2-6 اور6-4 سے زیر کرلیا،7 سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر نے جمہوریہ چیک کی باربورا زالووا اسٹرائیکووا کو باآسانی 6-1 اور6-1 سے مات دی۔

یوکرینی پلیئر الینا سویٹولینا کو گاربین مگروزا نے واک اوور دے دیا، وہ معدے میں تکلیف کے سبب مقابلے کے لیے کورٹ میں نہیں اترپائیں، مگروزا نے دوسرے راؤنڈ میں سیکنڈ سیڈ سیمونا ہالیپ کو ٹھکانے لگایا تھا۔ دوسری جانب ملائیشیا مینز ٹینس ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میںٹاپ سیڈ کائی نیشکوری نے امریکی حریف راجیورام کو 6-2 اور 6-3 سے ہرادیا، 5 سیڈ یوروگوئے کے پبلو چیواس نے کروشین حریف ایوان ڈوڈگ کو 3-6 ،7-5 اور7-5 سے مات دی۔
Load Next Story