بےوقت دھرنوں سے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں نے ملک سے دشمنی کی ہے شہباز شریف

دھرنے دینے والوں نے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو فراموش کرکے بدترین بے حسی کا مظاہرہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک September 25, 2014
نادان دوست اب بھی ہوش کے ناخن لیں، شہباز شریف فوٹو: فائل

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ بےوقت دھرنوں سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں نے اپنے ملک سے دشمنی کی ہے۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ صورت حال، سیلاب زدہ علاقوں میں امداد ، بحالی کی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بےوقت دھرنوں سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالی گئی ہے۔ دھرنوں کی وجہ سے نا صرف ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا بلکہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو فراموش کرکے بدترین بے حسی کا مظاہرہ کیا جس پر 18 کروڑ عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،اپنوں نے خود اپنے ملک کے ساتھ دشمنی کی ہے، چین سے ملنے والی حالیہ ای میل میں بھی ملکی صورت حال پر تشویش ظاہر کی گئی ہے جس پر نادان دوستوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت وعدے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو دنوں میں ادائیگی کررہی ہے، پہلے مرحلے میں ہرمتاثرہ خاندان کے سربراہ کو 25، 25 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی، اس موقع پر گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں