تحریک انصاف کاالیکشن کیلیے چندہ مہم شروع کرنیکا فیصلہ

مہم ’’پاکستان بچائو فنڈ‘‘ کے نام سے شروع ہوگی، جماعت اسلامی سے مذاکرات میں پیشرفت


September 27, 2012
مہم ’’پاکستان بچائو فنڈ‘‘ کے نام سے شروع ہوگی، جماعت اسلامی سے مذاکرات میں پیشرفت۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں مالی طور پر کمزور امیدواروں کی الیکشن میں لاجسٹک سپورٹ کیلیے ''پاکستان بچائو فنڈ''کے نام سے چندہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں عمران خان خود کاروباری مراکز اور رہائشی علاقوں میں جا کر چندے کی اپیل کریں گے۔

دریں اثناء بیک ڈور چینل کے ذریعے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان عام انتخابات میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور انتخابی اتحاد کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں کی جانب سے عمران خان پر شدید دبائو ہے کہ آئندہ الیکشن میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ٹکٹ دیا جائے۔ اس حوالے سے یہ نکتہ زیر غور آیا تھا کہ نوجوانوں کے پاس الیکشن لڑنے کیلیے مالی وسائل کی عدم دستیابی بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی الیکشن اور ٹکٹ دینے کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد ''پاکستان بچائو فنڈ'' کے عنوان سے ملک گیر چندہ مہم شروع کی جائے گی۔

عمران خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گلی، محلوں اور بازاروں میں جا کر چندہ جمع کریں گے جبکہ ملک کے صنعتکاروں سے بھی فنڈز کی اپیل کی جائے گی۔ اس فنڈ سے ان امیدواروں کی مدد کی جائے گی جو کہ الیکشن کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تاہم ان امیدواروں کو نقد رقم دینے کے بجائے بینرز، پمفلٹس، ٹرانسپورٹ اور دیگر لاجسٹکس کی صورت میں مدد فراہم کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق آئندہ الیکشن میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف میں مذاکرات میں نتیجہ خیز پیشرفت ہو ئی ہے اور تحریک انصاف کے بہت سے رہنما تو دعویٰ کر رہے ہیں کہ دونوں جماعتوں میں غیراعلانیہ اتحاد ہو چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |