سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کردار ’’گلو بٹ‘‘ کو رہا کردیا گیا

گلو بٹ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا


ویب ڈیسک September 26, 2014
حکومت نے اسے رہائی سے پہلے ہی نقص امن کے تحت نظر بند کردیا تھا، فوٹو: فائل

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے والے ملزم ''گلو بٹ'' کو رہا کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی سرپرستی میں گاڑیوں کی توڑپھوڑ کرنےوالے ملزم گلو بٹ کو رہا کردیا گیاہے جبکہ اس کی رہائی ڈھائی ماہ بعد کیمپ جیل سے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عمل میں آئی۔ لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے میں گلو بٹ کی ضمانت منظور کی تھی تاہم حکومت نے اسے رہائی سے پہلے ہی نقص امن کے تحت نظر بند کردیا تھا جس کےبعد لاہور ہائی کورٹ نے گلو بٹ کی نظر بندی کے احکامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی رہائی کا حکم جاری کیا۔

واضح رہے کہ گلو بٹ کو 17 جون کو لاہور میں پیش آنے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران بنائی جانے والی فوٹیج میں گلو بٹ کو گاڑیاں توڑتے اور اس کے بعد پولیس کی تھپکیاں لیتے واضح طور پر دکھایا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔