شہریوں سے لوٹ مار کرنیوالے سٹی زون تھانوں کے 4 پولیس اہلکار نکلے

پولیس اہلکار موٹرسائیکل گشت ڈیوٹی پر مامور تھے، ڈیوٹی ختم کر کے کلفٹن میں شہریوں سے لوٹ مار کے لیے پہنچ گئے

ملزمان عادی جرائم پیشہ اور لیاری کے رہائشی ہیں، شہریوں کی اطلاع پر پولیس آتی تو فرار ہوجاتے، ایس ایچ او بوٹ بیسن۔ فوٹو: فائل

بوٹ بیسن پولیس نے سٹی زون تھانوں کے 4 پولیس اہلکاروں کو شہریوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

چاروں اہلکار اپنے اپنے علاقوں میں موٹرسائیکل گشت ڈیوٹی پر مامور تھے، ڈیوٹی ختم کر کے کلفٹن میں شہریوں سے لوٹ مارکے لیے پہنچ گئے تھے، تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن کے علاقے مین ساحل روڈ بیچ ویو چورنگی کے قریب شہری سے لوٹ مار کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں سٹی کورٹ تھانے میں تعینات حفیظ الرحمٰن ،بغدادی تھانے میں تعینات قاسم، بغدادی تھانے میں تعینات محمد قاسم اور کلری تھانے میں تعینات شمس الدین شامل ہیں، چاروں اہلکار اپنے اپنے علاقوں میں موٹر سائیکل گشت ڈیوٹی پر مامور تھے۔


ملزمان پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی کا ٹائم ختم ہونے کے بعد پولیس یونیفارم میں بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن میں آکر اسنیپ چیکنگ کے نام پر شہریوں سے تلاشی کے بہانے لوٹ مار کر رہے تھے،گرفتار ملزمان نے شاہ رسول کالونی کے رہائشی ایک شہری نادر سے تلاشی کے بہانے 4 ہزار روپے لوٹ تھے جس کی اطلاع نادر نے مددگار 15 پولیس کوکی تھی،اطلاع ملنے پر گشت پر مامور بوٹ بیسن تھانے کی پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی اور چاروں اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

پولیس نے متاثرہ شہری نادرکی مدعیت میں ملزمان پولیس اہلکاروں کے خلاف لوٹ مار کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے چاروں اہلکاروں کو باقاعدہ گرفتار کرلیا، ایس ایچ او بوٹ بیسن نصیر تنولی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں،متعدد بار بوٹ بیسن،کلفٹن ،درخشاں اورگذری پولیس کوشہریوںنے اطلاع دیں کہ پولیس یونیفارم میں ملبوس اہلکار لوٹ مارکررہے ہیں تاہم جب علاقہ پولیس بتائے گئے مقامات پر پہنچی تھی تو ملزمان فرار ہوجاتے تھے،گرفتار ملزمان لیاری کے رہائشی ہیں، تفتیش جاری ہے،انکشافات متوقع ہیں۔
Load Next Story