انتخابات شفاف ہوئے تو عمران خان وزیراعظم ہوں گے شاہ محمود قریشی

اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گی اور حکومت کو آخر جانا ہی پڑے گا، نائب چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 27, 2014
آئندہ عام انتخابات 2018 سے پہلے ہوں گے، شاہ محمود قریشی فوٹو: ایکسپریس نیوز

THATTA: پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوئے تو تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی اور عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نئے پاکستان کی جانب سفر کا آغاز وہاں سے کررہی ہے جو نظریہ پاکستان اور ملک کے حقیقی تشخص کی ترجمانی کرتا ہے۔ لاہور نے 23 اکتوبر 2011 کے جلسہ عام اور 23 مارچ 2013 کے مینار پاکستان کے جلسے کو کامیاب کیا، اس شہر کے عوام کل پھر عمران خان کا فقید المثال استقبال کریں گے۔ دھرنے کے کنٹینر کو پہیے لگیں گے اور اب دھرنا آزادی چوک سے آگے بڑھے گا۔ یہ دھرنا نئے پاکستان اور آزادی کا پیغام لے کر مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات سے ہوتا ہوا سندھ میں داخل ہوگا اور سندھ کے عوام سے رجوع کرے گا تاہم اس کی تاریخ کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنا کنٹینر کے ساتھ عوام کی اتنی دعائیں اور ''گو نواز گو '' کا اتنا جذبہ ہے کہ یہ منزل کے حصول سے پہلے نہیں رکے گا۔ دھرنا تبدیلی کا مشن ہے اور مشن کی کامیابی کے لئے کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل سے ہم ملک میں رائج کرپٹ سیاسی نظام کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو سیدھا راستہ دکھا رہے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اور ان کی جماعت کو دفن کردیا گیا ہے۔ جن کا ذوالفقارعلی بھٹو کے فلسفے سے کوئی تعلق نہیں وہ آج قابض ہوئے بیٹھے ہیں، جن کے نام پر انہوں نے 5 برس حکومت کی وہ ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکے وہ ہمیں سیدھا راستہ کیا دکھائیں گے۔ پرامن احتجاج ہمارا آئینی اور سیاسی حق ہے اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔ ہمیں مایوس ذہنیت کہنے والے بتائیں کہ جب وہ لانگ مارچ کرتے تھے تو کیا وہ مایوس تھے یا ان کی سوچ مختلف تھی۔ ہمارے دھرنے کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ وقت اور آئندہ انتخابات کریں گے، حقیقت یہ ہے کہ آج وزیر اعظم جہاں جاتے ہیں وہاں انہیں ''گو نواز گو'' کے نعرے سنائی دیتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کبھی ہمیں یہودی لابی کہا جاتا ہے تو کبھی قادیانی لابی، اس قسم کا منفی پروپیگنڈا شکست خوردہ عناصر اور مایوس طبقات کرتے ہیں۔ ہماری لابی اور پلان دونوں ہی پاکستان ہیں، نہ ہم لندن میں منتقل ہوئے ، نہ ہی ہماری لندن میں کوئی جائداد ہے اور نہ ہمارا کوئی لندن پلان ہے،ان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کو دعوے کرنے کا حق ہے، ہم ایک کمزور لوگ ہیں لیکن ہمارا نظریہ مضبوط ہے۔ وہ کسی کا مقابلہ نہیں بلکہ اپنے نظریے کا پرچار کریں گے۔ وہ داغی ہیں یا باغی اسے عوام پر چھوڑ دیتے ہیں۔ وقت بتائے گا کہ مک مکا کس نے کیا، جاوید ہاشمی کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے اپنا امیدوار کیوں کھڑا نہیں کیا اور کون لوگ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو دستبردار کرانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گی۔ حکومت کو آخر جانا ہی پڑے گا، آئندہ عام انتخابات 2018 سے پہلے ہوں گے اگر الیکشن کمیشن خود مختار ہوا تو آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اور عمران خان ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر کے پاس جانے کے لئے تیار ہیں لیکن تحریک انصاف کا کوئی رکن انفرادی طور پر ان کے پاس نہیں جائے گا۔ ہم ایک پارلیمانی جماعت ہیں اسپیکر انفرادی طور پر کیوں بلا رہے ہیں،اس سلسلے میں ہم چالیں سمجھ رہے ہیں، اسپیکر ہمیں علیحدہ علیحدہ بلا کر اپنی مرضی کے نتائج چاہتے ہیں، ان کی جماعت سیاسی جرگے کی بہت عزت کرتی ہے اور سراج الحق ہمارے لئے بہت محترم ہیں، ہم جلد سیاسی جرگے سے ملاقات کریں گے، سیاسی جرگے نے نیک نیتی سے سیاسی صورتحال کے خاتمے کے لئے کوشش کی کی لیکن حکومت نے انہیں اہمیت نہیں دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں