عمران خان اورطاہرالقادری کے تشدد پراکسانے کے نتیجے میں ہی پی ٹی وی پر حملہ ہوا پرویزرشید

پارلیمینٹ عوام کے منتخب نمائندوں کا بااختیار ادارہ ہے اورعمران خان کو چاہئے کہ وہ اپنی باری کا انتظارکریں،وزیراطلاعات


ویب ڈیسک September 28, 2014
نواز شریف عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں چند ہزار افراد کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے، وفاقی وزیراطلاعات فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کوعوام نےمنتخب کیا ہے اور وہ کسی کے دھرنے سے نہیں جانے والے جب کہ شہر لشکر کشی سے نہیں عوام کے ووٹوں سے فتح کئے جاتے ہیں۔

لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں چند ہزار افراد کے کہنے پر وہ مستعفی نہیں ہوں گے،مسلم لیگ (ن) کو ڈیرھ کروڑ سے زائد پاکستانیوں نے ووٹ دیا جبکہ تحریک انصاف کو 75 لاکھ ووٹ ملے وہ کس بنیاد پر پارلیمینٹ ختم کرنے کی بات کررہی ہے، پارلیمینٹ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کا بااختیار ادارہ ہے اور عمران خان کو چاہئے کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں الیکشن 5 سال کے بعد ہی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اپنے لوگوں کو طاقت کے استعمال پر نہیں اکسایا جبکہ عمران خان اور طاہرالقادری نے اپنی تقاریر کے ذریعے لوگوں تششد پر اکسایا جس کے نتیجے میں مظاہرین نے پی ٹی وی پر حملہ کیا جو نہایت افسوسناک عمل تھا اور حکومت نے ہر موقع پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ لاہور سیاسی جماعتوں کا گھر ہے سب جماعتیں جلسہ کرنے کا حق رکھتی ہیں اور (ن) لیگ کے پاس بھی لوگوں کی بڑے تعداد موجود ہے جوکہ اس سے بھی بڑا جلسہ کرسکتی ہے، ہم نے مظاہرین کے مطالبات لانگ مارچ سے پہلے ہی مان لئے تھے اور بعد میں بھی مذاکرات کئے لیکن عمران خان نے شیخ رشید کی سرگوشی کے بعد مذاکرات ختم کردیئے شاید عمران کو اپنی مذاکراتی ٹیم پر اعتماد نہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں