’’سیاست سے پاک پولیسنگ یقینی بنادی گئی ہے‘‘

پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کی پاسنگ آؤٹ سے آئی جی کا خطاب ۔۔۔


Saleh Mughal September 29, 2014
فارغ التحصیل افسروں اور جوانوں کا مظلوم کی داد رَسی کا عہد۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کا شمار تعلیم و تربیت کے حوالے سے پاکستان کی قدیم اور معیاری درس گاہوں میں ہوتا ہے، جہاں نہ صرف پنجاب بل کہ دوسرے صوبوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں آزاد کشمیر، اسلام آباد، ریلویز، گلگت بلتستان، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس، ایف ائی آے، آرمی، ایئرفورس، اینٹی نارکوٹیکس فورس اور دیگر اداروں کے افسر بھی تربیت حاصل کرتے ہیں۔

یوں کہا جائے کہ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ تربیت کے حوالے سے پنجاب پولیس کی ریڑھ کی ہڈی ہے تو بے جا نہیں۔ گذشتہ ہفتے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں زیرتربیت اے ایس آئی پروبیشنرز کی تربیت مکمل ہونے پر پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انقعاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی انسپکڑ جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا تھے۔

ان کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب عثمان خٹک، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ ڈی آئی جی عامر ذوالفقار خان، ڈپٹی کمانڈنٹ کیپٹن (ر) شعیب، تربیت مکمل کرنے والے اے ایس ائیز کے کورس کمانڈر ایس پی جمیل ظفر تقریب کے علاوہ ایس ایس پی زیر تربیت سب انسپکڑ کے کورس کمانڈر سید علی محسن، ایس پی ہارون الرشید، ایس پی ماریہ محمود، صوبائی محتسب راولپنڈی راؤ محمد اقبال، فرانزک ایکسپرٹ ایس پی آفتاب احمد اور متعدد دیگر سینئر افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر زیرتربیت خواتین اور مرد کمانڈوز کے دستے نے کمال مہارت سے آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر جی تھری اور ایس ایم جی رائفلوں سمیت نائن ایم ایم پسٹل، چار سے دس سیکنڈ میں کھولے اور اتنے ہی وقت میں ری اسمبل بھی کرنے کا عملی مظاہرہ کیا، جو یقیناً ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور کام یاب تربیت کا نمونہ تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے فرض کی ادائی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر اختیارات کا جائز استعمال انصاف کی ضمانت ہے، پولیس افسر اور جوان عوام کے خادم اور محافظ بن کر ہی دنیا اور آخرت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید اسلحہ اور جدیدترین تربیت دی گئی ہے اور سیاست سے پاک پولیسنگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے پولیس افسروں سے عہد لیا کہ وہ بلاتفریق ظالم کو کیفر کردار تک پہنچانے اور مظلوم کی داد رسی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔



کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ عامر زوالفقار خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ زیر تربیت پولیس افسروںکو نت نئے چیلنجز سے نبرد آزما کرنے کے لیے موثر او رپیشہ ورانہ تربیتی سہولیات اور تربیتی مضامین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کا احترام اعلٰی اخلاقی اقدار کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ سے آگاہی کے لیے خصوصی لیکچرز بھی تربیت کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت افسروں کو پی ٹی پریڈ، مارشل آرٹس، اسپورٹس اور تین ماہ کی ایلیٹ ٹریننگ بھی دی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے اصغر جاوید کو مجموعی طور پر اعلٰی کارکردگی، کرم الٰہی کو پروبیشنز کورس میں دوری پوزیشن اور جنید الرحمٰن کی پریڈ میں اول اور شہزاد احمد کو نشانہ بازی میں اول آنے پر انعامات دیے۔ اس موقع پر انہو ں نے پولیس کالج سہالہ کے نئے ایڈمن اور تدریسی بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ آئی جی پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر مختصرترین وقت میں جدید اسلحہ کھولنے اور دوبارہ اسمبل کرنے والی خواتین اور مرد پولیس اہل کاروں کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعامات اورتعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔

پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کی کوریج کے دوران پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں سیکیورٹی سہولیات اور سٹاف کی کمی، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں واقع ہونے کے باوجود پولیس کالج سہالہ میں تعینات افسروں اور ملازمین کو تاحال بگ سٹی الاؤنس سے بھی محروم رکھا جانا، سیکیورٹی اسٹاف کی کمی کے باعث کالج کی سیکیورٹی کے لیے روزانہ تین سو زیرتربیت افسروں کو دیگر ملازمین کے ساتھ تعینات کیے جانے، کیمپس نمبر تھری کی باؤنڈری وال اور واچ ٹاور کی تعیمر کے لیے فنڈز کی کمی کے مسائل سامنے آئے تو وہیں کالج کی استعداد بڑھانے کے لیے تین سو پولیس اہل کاروں کو ایک ایک سال کے لیے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے جانے سمیت چار نئی بسوں، پانچ پک اپ گاڑیوں، سلیبس میں گھوڑ سواری کی لازمی تربیت کے لیے پچیس گھوڑوں، اور اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اے ایس آئی رینک کی 70 اور سب انسپکڑ رینک کے 177 افسروں کی ڈیمانڈ بھی سامنے آئی۔

اگرچہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے اکثر ڈیمانڈز کو پورا کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف پولیس کلچر تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو آگے بڑھیں اور پولیس ٹرینگ کالج سہالہ تعلیم و تربیت کے نظام کو بہترین انداز میں جاری رکھنے کے لیے جن وسائل اور افرادی قوت کی ضرورت ہے، اسے پورا کریں تاکہ درس گاہ کا معیار مذید بلند ہو اور تدریسی خدمات سرانجام دینے اور تعلیم و تربیت حاصل کرنے والوں کو بہترین ماحول میسر آسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں