ہانگ کانگ میں پولیس اورجمہوریت کے حامی طلبا میں جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی

انتظامی معاملات میں مداخلت اور سرکاری عمارتوں میں زبردستی داخلے کے الزام میں 78 افراد کو حراست میں لے لیا ہے،پولیس


ویب ڈیسک September 29, 2014
ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے پرامن احتجاج جاری رہے گا، جمہوریت حامی طلبا، پولیس فوٹو؛ اے ایف پی

حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے جاری طلبا کے احتجاج پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی روز سے جاری طلبا کے احتجاج میں عوام کی بھی بڑی تعداد شامل ہوگئی ہے، ہزاروں مظاہرین شہرکے معاشی حب میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے جمع ہوئے جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد پولیس اور مشتعل افراد کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔


پولیس کے مطابق انتظامی معاملات میں مداخلت اور سرکاری عمارتوں میں زبردستی داخلے کے الزام میں 78 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہےاوراگر مظاہرین نے شہر کے مصروف ترین اور صنعتی علاقوں کو فوری طور پر خالی نہ کیا تو سختی سے قانون پر عملدرآمد کیا جائے گا، دوسری جانب مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا جسے پولیس نے تشدد کا رنگ دینے کے لئے شیلنگ کی تاہم انتظامیہ کی کسی کارروائی کے نتیجے میں مظاہرین مشتعل نہیں ہوں گے اور اصل جمہوریت کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔


واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں یونیورسٹی طلبا کی جانب سے حقیقی جمہوریت کی بحالی کی لئے شروع کی جانے والی مہم میں طالب علموں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے حصہ لینا شروع کردیا ہے جبکہ چین نے طلبا کی مہم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے انتظامیہ کے کام میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں